غفلت :انسان کے زوال کی پہلی سیڑھی (۳)
جو بندہ قرآن مجید کی تلاوت نہیں کرتا اور اس کی آیات پر غورو فکر نہیں کرتا وہ غافل ہو جاتا ہے ۔ جیسا کہ اللہ تعالی سورۃ الاعراف میں ارشاد فرماتا ہے :
اور میں اپنی آیتوں سے انہیں پھیر دوں گا جو زمین میں نا حق اپنی برائی چاہتے ہیں اور اگر سب نشانیاں دیکھیں ان پر ایمان نہ لائیں اور اگر ہدایت کی راہ دیکھیں اس میں چلنا پسند نہ کریں اور گمراہی کا راستہ نظر آئے تو اس پر چل نکلیں ۔ یہ اس لیے کہ انہوں نے ہماری آیتیں جھٹلائیں اور ان سے بے خبر بنے ۔ جو بندہ غفلت میں پڑ جا تا ہے اس کی بصارت اور سماعت پر مہر لگ جاتی ہے نہ ہی وہ حق کو دیکھ سکتا ہے اور نہ ہی سن سکتا ہے ۔اور اس کی زبان پر بھی مہر لگ جاتی ہے جس سے وہ حق بات نہیں بول سکتا ۔ ارشاد باری تعالی ہے : بیشک ہم نے جہنم کے لیے پیدا کیے بہت جن اور آدمی وہ دل رکھتے ہیں جن میں سمجھ نہیں اور وہ آنکھیں جن سے دیکھتے نہیں اور وہ کان جن سے سنتے نہیں وہ چوپایو ں کی طرح ہیں بلکہ ان سے بڑھ کر گمراہ وہی غفلت میں پڑے ہیں ۔ ( سورۃ الاعراف )۔
غافل بندے کا دل سخت ہو جاتا ہے وہ اللہ تعالی کی آیات کو نہ ہی سنتا ہے اور ان پر غورو فکر کرتا ہے ، دنیا اور اس کی شہوتوں میں مصروف رہتا ہے ، اللہ تعالی کو اور یوم آخرت کو بھلا دیتا ہے اور اللہ تعالی کی آیات سے نفع حاصل نہیں کرسکتا ۔ارشاد باری تعالی ہے : جن کے دل اللہ کی یاد کی طرف سے سخت ہوگئے ہیں وہ کھلی گمراہی میں ہیں۔ ( سورۃ الزمر )۔
سورۃ یونس میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : بیشک وہ جو ہمارے ملنے کی امید نہیں رکھتے اور دنیاوی زندگی کو پسند کیے بیٹھے ہیں اور اس پر مطمئن ہو گئے اور وہ جو ہماری آیتوں سے غفلت کرتے ہیں ان لوگوں کا ٹھکانہ دوزخ ہے بدلہ ان کی کمائی کا ۔ کامیاب وہی انسان ہے جو بیدار دل ، زندہ ضمیر اور اللہ تعالی کی یاد سے وابستہ ہو ۔ غفلت وقتی لذت تو دے سکتی ہے لیکن دائمی کامیابی نہیں ۔ جو شخص اپنے وقت ، اپنی صلاحیتوں اور اپنی زندگی کو اللہ تعالی کی رضا کے مطابق گزارنے کی کوشش کرتا ہے وہ دنیا میں بھی سکون پاتا ہے اور آخرت میں بھی ۔ غفلت نہ صرف اخلاقی کمزوری ہے بلکہ انسان کی دنیا و آخرت کی کامیابی میں ایک بڑی روکاوٹ بھی ہے ۔
آج جب مادیت ، مصروفیات اور بے مقصد تفریحات نے انسان کو ہر طرف سے گھیر رکھا ہے غفلت کے اسباب اور اس کے علاج کو سمجھنا پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں