بدھ، 8 اپریل، 2026

آج کا نوجوان اور بے مقصدیت (۱)


 

آج کا نوجوان اور بے مقصدیت (۱)

آج کا دور تیز رفتار ترقی ، جدید ٹیکنالوجی اور بے شمار سہولیات کا دور ہے۔ بظاہر انسان نے مادی لحاظ سے بہت ترقی کر لی ہے مگر روحانی ، اخلاقی اور فکری لحاظ سے ایک بڑا خلاء پیدا ہو چکا ہے۔ خصوصا ً ہماری نوجوان نسل اس خلاء کا سب سے زیادہ شکار ہوتی نظر آتی ہے۔بے مقصدیت ، ذہنی انتشار اور زندگی کے اصل مقصد سے دوری آج کے نوجوان کا ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ اس نازک مرحلے میں ہمیں قرآن و حدیث سے رہنمائی ملتی ہے کہ ہم اپنی زندگی درست سمت میں لے جا سکیں۔ نوجوانی کسی بھی انسان کی زندگی کا سب سے قیمتی دور ہوتا ہے۔ یہی وہ وقت ہے جہاں انسان اپنے مستقبل کی بنیاد رکھتا ہے اپنے کردار کو سنوارتا ہے اور اور اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دیتا ہے۔ حدیث شریف کا مفہوم ہے کہ نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا جوانی کو غنیمت جانو بڑھاپے سے پہلے۔کیونکہ یہی جب بندہ اپنے تمام تر کام اور معاملات احسن طریقے سے سر انجام دے سکتا ہے۔ مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ ہمارا آج کانوجوان اس قیمتی وقت کو اکثر فضول سر گرمیوں ، سوشل میڈیا اور غیرسنجیدہ مشاغل میں ضائع کر رہاہے۔اس کی سب سے بڑی وجہ زندگی کے مقصد کا واضح نہ ہونا ہے۔جب انسان کو یہ معلوم نہ ہو کہ وہ کس مقصد کے لیے دنیا میں بھیجا گیا ہے تو اس کی زندگی بے مقصد ہو جاتی ہے۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے : اور میں نے جنو ں اور انسانوں کو صرف اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا ہے۔ (سورۃ لذٰریٰت:آیت ۵۶)۔ یعنی انسان کی تخلیق کا بنیادی مقصد اللہ تعالیٰ کی عبادت اور اس کی بندگی ہے۔عبادت کا مفہوم صرف نماز ، روزہ ، زکوۃ ، حج اور دیگر ظاہری عبادات تک محدود نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں اللہ تعالیٰ کی رضا کو مقدم رکھنا ہی اصل عبادت ہے۔ جب نوجوان اس حقیقت کو سمجھ لے تو اس کی زندگی خود بخود ہی درست سمت کی طرف گامزن ہو جائے گی۔ 
اسی طرح سورۃ المومنون میں ارشاد باری تعالیٰ ہے : تو کیا تم یہ سمجھتے ہو کہ ہم نے تمہیں بیکار بنایا اور تم ہماری طرف لوٹائے نہیں جائو گے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : اے انسان تو میری عبادت کے لیے فارغ ہو جا۔ میں تیرا سینہ غنا سے بھر دوں گا اور تیری محتاجی کا دروازہ بند کر دوں گا۔ اور اگر تو ایسا نہیں کرے گا تو میں تیرے دونوں ہاتھ مصروفیات سے بھر دوں گا اور تیری محتاجی کا دروازہ بند نہیں کروں گا۔*

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آج کا نوجوان اور بے مقصدیت (۱)

  آج کا نوجوان اور بے مقصدیت (۱) آج کا دور تیز رفتار ترقی ، جدید ٹیکنالوجی اور بے شمار سہولیات کا دور ہے۔ بظاہر انسان نے مادی لحاظ سے بہت ...