جمعرات، 12 نومبر، 2026

فسق و فجور(۳)

 

فسق و فجور(۳)

ارشاد باری تعالٰی ہے : کیا ایمان والوں کو ابھی وہ وقت نہ آیا کہ ان کے دل جھک جائیں اللہ کی یاد اور اس حق کے لیے جو اترا اور ان جیسے  نہ ہوں جن کو پہلے کتاب دی گئی پھر ان پر مدت دراز ہوئی تو ان کے دل سخت ہو گئے اور ان میں بہت فاسق ہیں ۔( سورۃ الحدید :آیت۱۶)۔
حضرت نافع رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ جب بھی اس آیت مبارکہ کی تلاوت کرتے تو آپ کی آنکھوں  سے آنسو جاری ہو جاتے اور اتنا روتے کہ آپ بے حال ہو جاتے ۔ ( ابن عساکر )۔
سورۃ الحشر آیت نمبر ۱۹ میں  ارشاد باری تعالی ہے : اور ان جیسے نہ ہو جو اللہ کو بھول بیٹھے تو اللہ نے انہیں بلا میں ڈالا کہ اپنی جانیں یاد نہ رہیں وہی فاسق ہیں ۔
اللہ تعالی ایمان والوں کو مخاطب کرتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے کہ تم منافقوں کی طرح نہ ہو جانا جنہوں نے اللہ تعالی کے حقوق کو بھلا دیا تو  اللہ تعالی نے انہیں اپنی جانوں کو بھول جانے والا بنا دیا کہ وہ اس بات کو نہیں سنتے جو انہیں نفع دے اور نہ ہی وہ کام کرتے ہیں جس سے  انہیں نجات ملے ۔ اللہ تعالی فرماتا ہے یہی لوگ کامل فاسق ہیں ۔ 
حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا مسلمان کو گالی دینا فسق اور اس سے جھگڑاکرنا کفر ہے ۔ ( بخاری شریف)۔
نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : اس مومن کی مثال جو قرآن پڑھتا ہے ترنج کی سی ہے کہ اس کا مزہ بھی اچھا ہے اور اس کی خوشبو بھی عمدہ ہے  اور وہ مومن جو نہیں پڑھتا ہے کھجور کی طرح ہے کہ اس کا مزہ تو اچھا ہے لیکن اس میں خوشبو نہیں ہے ۔ اور فاسق کی مثال جو قرآن پڑھتا ہے  اس کی مثال مردہ ریحانہ پھول کی طرح ہے جس کی خوشبو تو اچھی ہے لیکن اس کا مزہ کڑوا ہے اور فاسق جو قرآن نہیں پڑھتا اس کی مثال اندرائن کی طرح ہے جس کا مزہ بھی کڑوا ہے اور خوشبو بھی نہیں ہے ۔ (بخاری )۔
لیکن اس کے ساتھ ساتھ کسی کے اوپر فسق و فجور اور کفر کے فتوے لگانے سے پہلے خوب تحقیق کر لینی چاہیے ۔نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اگر کوئی شخص کسی شخص کو کافر یا فاسق کہے اور وہ در حقیقت کافر یا فاسق نہ ہو تو کہنے والا فاسق اور کافر ہو جائے گا ۔ ( بخاری شریف )۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

فسق و فجور(۳)

  فسق و فجور(۳) ارشاد باری تعالٰی ہے : کیا ایمان والوں کو ابھی وہ وقت نہ آیا کہ ان کے دل جھک جائیں اللہ کی یاد اور اس حق کے لیے جو اترا اور...