جمعہ، 10 اپریل، 2026

آج کا نوجوان اور بے مقصدیت (۲)

 

آج کا نوجوان اور بے مقصدیت (۲)

احادیث مبارکہ میں بھی نوجوانی کی اہمیت اور اس کے درست استعمال پر زور دیا گیا ہے۔نبی رحمت ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ بروز قیامت انسان سے پانچ سوال کیے جائیں گے۔ (۱) عمر کن کاموں میں گزاری (۲) جوانی کن کاموں میں گزاری (۳) مال کہاں سے کمایا (۴)مال کہاں خرچ کیا (۵) اپنے علم پر کہا ں تک عمل کیا ؟
اس حدیث مبارکہ سے واضح ہوتا ہے کہ نوجوانی کا ہر لمحہ قیمتی ہے اور اس کا حساب دینا ہوگا۔اگر یہ وقت فضولیات میں گزر گیا تو اس کا انجام خسارہ ہی ہو گا۔ آج کے نوجوان کی بے مقصدیت کی بہت سی وجوہات ہیں جن میں پہلی وجہ دین سے دوری ہے۔جب نوجوان قرآن و سنت سے دور ہو جائے تو وہ اپنے مقصد کو بھول جاتا ہے۔بے مقصدیت کی دوسری بڑی وجہ مغربی تہذیب کی اندھی تقلید ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمزنے نوجوان کو اسی دنیا میں الجھا دیا ہے جہاں وقتی خوشی تو مل جاتی ہے لیکن دائمی سکون نہیں۔تیسری وجہ راہنمائی کا فقدان ہے۔والدین اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ نوجوان نسل کی راہنمائی کریں اور ان کی سمت کو درست کریں۔ 
بے مقصدیت کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ انسان  ذہنی دبائو ، مایوسی اور بے چینی میں جکڑا رہتا ہے۔جب انسان کے پاس کوئی واضح ہدف نہ ہو تو وہ چھوٹی چھوٹی ناکامیوں کی وجہ سے بھی ٹوٹ جاتا ہے۔ 
اصحاب کہف کے نوجوانوں نے ظالم بادشاہ کے دور میں اپنے ایمان کی حفاظت کے لیے دنیا کی آسائشوں کو ٹھکرا دیا اور اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کرتے ہوئے ایک مشکل راستے کا انتخاب کیا۔اللہ تعالیٰ نے اس عمل کو قرآن مجید میں ہمیشہ کے لیے محفوظ کر دیا۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ اگر نوجوان اپنے مقصد کو جان لے اور اللہ کی رضا کو مقدم رکھے تو وہ تاریخ بدل سکتا ہے۔ 
آج کے نوجوان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی زندگی کا واضح مقصد متعین کرے۔ سب سے پہلے اسے اللہ سے اپنا تعلق مضبوط کرنا چاہیے اور اپنے دل کو محبت رسولﷺ سے منور کرے۔ نماز ، تلاوت قرآن اور دعا کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔اس کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم ، ہنر اور صلاحیتوں کو مثبت انداز میں استعمال کرے۔
والدین اور اساتذ ہ کو بھی چاہیے کہ وہ نوجوانوں کی صحیح رہنمائی کریں۔انہیں دنیاوی تعلیم اور کامیابی کے ساتھ آخرت کی کامیابی کا بھی شعور دیں۔ ان کے اندر خود اعتمادی ، ذمہ داری اور مقصدیت پیدا کریں۔ 
نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا جس نوجوان نے دنیا کی لذت اور اس کے عیش و عشرت کو چھوڑ دیا اور اپنی جوانی میں اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری کی جانب پیش قدمی کی تو اللہ تعالیٰ اسے 72 صدیقین کے برابر ثواب دے گا۔ ( کنزالعمال )۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

آج کا نوجوان اور بے مقصدیت (۲)

  آج کا نوجوان اور بے مقصدیت (۲) احادیث مبارکہ میں بھی نوجوانی کی اہمیت اور اس کے درست استعمال پر زور دیا گیا ہے۔نبی رحمت ﷺ نے ارشاد فرمایا...