منگل، 7 اپریل، 2026

جنگ احد اور شہادت سیدنا امیر حمزہ ؓ (۲)

 

 جنگ احد اور شہادت سیدنا امیر حمزہ ؓ (۲)

ایک دن سیدنا امیر حمزہ ؓ شکار سے واپس آئے تو آپ ؓ کی ہمشیرہ حضرت صفیہ ؓ نے بتایا کہ آج ابو جہل نے نبی کریم ﷺ کی شانِ اقدس میں گستاخی   کی ہے ۔جب آپ ؓ نے یہ سنا تو آپ کو بہت غصہ آیا ۔آپؓ اپنا تیر کمان لے کر ابو جہل کے پاس گئے اور اس کے سر میں اتنی زور سے کہ ابو جہل کے سر سے خون بہنا لگا ۔ (شرح الزرقانی علی المواہب )
جنگ بدر میں سیدنا امیر حمزہ رضی اللہ نے کفار کے دو بڑے سرداروں عتبہ اور طعیمہ بن عدی کو جہنم واصل کیا تھا ۔طعیمہ بن عدی کا ایک بھتیجا جبیر بن مطعم تھا اس نے اپنے چچا کا بدلہ لینے کے لیے اپنے غلام وحشی کو لالچ دی اور کہاکہ اگر تو میرے چچا کا بدلہ سیدنا امیر حمزہ سے لے گا تو میں تجھے اپنی غلامی سے آزاد کر دو ں گا اور بہت سارا انعام بھی دوں گا ۔ عتبہ کی بیٹی ہندہ نے وحشی سے کہا کہ تو اگر سیدنا امیر حمزہؓ سے میرے باپ کا بدلہ لے گا تو میں تجھے آزادبھی کروائوں گی اور بہت سارا سونا اور چاندی اور مال و متاع دوں گی۔
سیدنا امیر حمزہ رضی اللہ عنہ جنگ احد میں اپنی بہادری و شجاعت کے جوہر دکھا رہے تھے ۔وحشی بھی موقع کی تلاش میں تھا اور ایک جگہ پہاڑکے پیچھے چھپ کر بیٹھ گیا ۔سیدنا امیر حمزہ ؓ جب اس کے پاس گزرے تو وحشی نے نیزے سے وار کیا جو آپؓ کے پیٹ میں لگا اور سیدنا امیرحمزہ رضی اللہ عنہ مرتبہ شہادت پر فائز ہو گئے ۔ ہندہ نے آپؓ کے جسد اطہر کی بے حرمتی کی اور آپؓ کے کلیجہ کو بھی چبانے کی کوشش کی لیکن نہ چبا سکی ۔ 
حضرت علی رضی اللہ عنہ جب سیدنا امیر حمزہ رضی اللہ کی تلاش میں نکلے تو آپؓ کی نعش کو دیکھ کر حضرت علی ؓ کی چیخ نکل گئی۔ جب نبی کریم ﷺکو اپنے پیارے چچا حضرت سیدنا امیر حمزہ ؓ کی شہادت کی خبر ملی تو نبی کریم ﷺ کو بہت زیادہ صدمہ پہنچا اور غمگین ہو گئے ۔ حضور نبی کریم ﷺسیدنا امیر حمزہ رضی اللہ عنہ کی نعش کو دیکھ کر اتنا روئے کہ آپؐ کی ہچکی بندھ گئی ۔ 
 حضورنبی کریم ﷺ نے فرمایا : میرے چچا میں گواہی دیتا ہوں کہ تم اللہ کی راہ میں صدقہ دینے والے تھے ، تم غریبوں اور مسکینوں کی مدد کر نے والے تھے ، تم بیواؤں اور یتیموں کی خبر گیری کرنے والے تھے ۔ آج میں تمھاری شہادت کا گواہ ہوں کہ قیامت کے دن جب اللہ تعالیٰ کی عدالت لگے گی ۔ جب شہید اٹھیں گے ان میں بدر اور احد کے شہداء بھی ہوں گے ۔ جب شہیدوں کا قافلہ حشر کے میدان میں چلے گا تو شہیدوں کی سرداری کا جھنڈا میرے چچا امیر حمزہ ؓ کے پاس ہو گا ۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

عید الاضحی اور قربانی(۳)

  عید الاضحی اور قربانی(۳) اسلام میں قربانی کے لیے تین ایام 10 ، 11 ،12 ذی الحجہ کے دن مختص کیے گئے ہیں۔ ان تین ایام کے علاوہ کی جانے والی ق...