شانِ او لیا ءاللہ (۲)
جب بندہ بیان کی گئیں تمام صفات کو اپنا لیتا ہے تو اللہ تعالی بھی اس بندے سے محبت فرماتا ہے ۔ حضرت ابوہریرہ ؓسے مروی ہے نبی کریمﷺ
نے ارشاد فرمایا اللہ تعالی جب کسی بندے سے محبت فرماتا ہے تو حضرت جبرئیل امین کو بلا کر ان سے فرماتا ہے کہ میں فلاں بندے سے محبت کرتا ہوں تم بھی اس سے محبت کرو۔پھر جبرئیل امین آسمان والوں میں ندا کرتے ہیں اللہ تعالی فلاں بندے سے محبت کرتا ہے لہذا تم بھی اس سے محبت کرو اور پھر اس کے بعد زمین والوں کے دلوں میں بھی اس کی محبت رکھ دی جاتی ہے ۔(مسلم)۔ حضرت سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : بیشک اللہ تعالی کے بندوں میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جو نہ انبیاءہیں اور نہ ہی شہدا مگر قیامت کے دن اللہ تعالی کی بارگاہ میں ان کا مقام و مرتبہ دیکھ کر انبیاءاور شہدا ءرشک کریں گے ۔ لوگوں نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ وہ کون لوگ ہوں گے ؟ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : یہ وہ لوگ ہوں گے جو ایک دوسرے سے اللہ تعالی کی محبت کی وجہ سے محبت کرتے رہے ہوں گے۔ ان کے درمیان نہ تو رشتہ داری ہو گی اور نہ ہی مال کا لین دین کا کوئی معاملہ ۔خدا کی قسم ان کے چہرے نور ہوں گے اور یہ لوگ نور کے اوپر ہوں گے اور جب سب لوگ خوف زدہ ہوں گے اس وقت یہ لوگ بے خوف ہوں گے اور جب لوگ غمگین ہوں گے تو ان لوگوں کو کوئی غم نہ ہو گا ۔ ( مشکاۃ المصابیح )۔
بخاری شریف کی روایت ہے کہ نبی رحمت ﷺ نے ارشاد فرمایا :اللہ تعالی فرماتا ہے میرے کسی بندے نے میرے فرض کردہ احکام کی بجا آوری سے زیادہ محبوب شے سے میرا قرب حاصل نہیں کیا اور میرا بندہ نوافل کے ذریعے میرا قرب حاصل کرتا رہتا ہے یہاں تک میں اس سے محبت کرنے لگ جاتا ہوں اور پھر جب میں اس سے محبت کرتا ہو تومیں اس کے کان بن جاتا ہوں جس سے وہ سنتا ہے ، اس کی آنکھیں بن جاتا ہوں جس سے وہ دیکھتا ہے ، میں اس کے ہاتھ بن جاتا ہوں جس سے وہ پکڑتا ہے ، اور میں اس کے پاؤں بن جاتا ہوں جس سے وہ چلتا ہے اور وہ مجھ سے سوال کرے تو میں ضرور عطا فرماتا ہوں اور اگر کسی چیز سے میری پناہ چاہے تو میں ضرور اسے پناہ عطا فرماتا ہوں ۔
اولیا ءاللہ عبادت کے ساتھ معاشرے کی اصلاح بھی کرتے ہیں۔ وہ لوگوں میں محبت ، اخوت ، دیانت ، عدل ، صبر ، برداشت اور خدمت خلق کا جذبہ پیدا کرتے ہیں ان کی زندگیاں دوسروں کے لیے عملی نمونہ ہوتی ہیں ۔ ولی وہی ہوتا ہے جو شریعت مطاہرہ کا پابند ہو اور سنت نبوی ﷺ کی پیروی کرتا ہو ۔اللہ تعالی ہمیں اپنے نیک بندوں کی صف میں شامل فرمائے ۔آمین۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں