پیر، 22 جون، 2026

فضائل و مناقب اہلِ بیت اطہارؓ(۱)

 

فضائل و مناقب اہلِ بیت اطہارؓ(۱)

اسلامی تاریخ میں بعض خاندان ایسے ہیں جنہیں اللہ تعالی نے اپنی خاص رحمت ، برکت اور فضیلت سے نوازا ہے مگر خاندان نبوت ﷺ کو جو عظمت و رفعت عطا ہوئی اس کی مثال رہتی دنیا تک نہیں ملتی ۔ نبی کریم ﷺ کے اہل بیت اطہار وہ مقدس ہستیاں ہیں جن کی محبت ایمان کی مٹھاس ، جن کا احترام ادب رسالت ﷺ کا تقاضا اور جن کی پیروی نجات و کامیابی کا راستہ ہے ۔اہل بیت کی زندگیاں تقوی ، صبر ، ایثار ، علم ، عبادت اور دین سے وفا داری کا ایسا روشن مینار ہیں جس کی روشنی آج بھی امت مسلمہ کی رہنمائی کر رہی ہے ۔ ان مقدس  نفوس سے محبت محض ایک جذباتی وابستگی نہیں بلکہ نبی کریم ﷺ سے محبت کا فطری تقاضا اور اسلامی عقیدے کا اہم حصہ ہے ۔یہی وجہ ہے کہ ہر دور میں اہل ایمان نے اہل بیت اطہار کے تذکرے کو اپنے دلوں کی زینت اور اپنی مجالس کی رونق سمجھا ہے ۔ اہل بیت اطہار وہ ہستیاں ہیں جنہیں اللہ تعالی نے طہارت ، محبت اور عزت کے خصوصی تاج سے سرفراز فرمایا ہے ۔
ارشاد باری تعالی ہے : ”اللہ تو یہی چاہتا ہے اے نبی کے گھر والو کہ تم سے ہر ناپاکی دور فرما دے اور تمہیں پاک کر کے خوب ستھرا کر دے “۔ سورۃ الشورٰی میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : (اے محبوب ﷺ) آپ فرما دیجیے میں اس پر تم سے کچھ اجرت نہیں مانگتا مگر قرابت کی محبت۔ انسان کو جس سے سچی محبت ہے تو وہ اس سے نسبت رکھنے والی تمام چیزوں سے بھی محبت کرتا ہے ۔ اسی وجہ حضور نبی کریم ﷺ سے سچی 
محبت رکھنے والے آپ ﷺ سے نسبت رکھنے والی ہر چیز سے دل وجان سے محبت کرتے ہیں ۔نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : 
اللہ تعالی سے محبت کرو کیونکہ وہ تمہیں اپنی نعمتوں سے روزی دیتا ہے اور اللہ پاک کے لیے مجھ سے محبت کرو اور میری محبت کے لیے میرے اہل بیت سے محبت کرو ۔ (ترمذی )۔
معجم الاوسط میں ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا اہل بیت کی محبت کو لازم پکڑ لو کیونکہ جو اللہ پاک سے اس حال میں ملا کہ وہ ہم سے  محبت کرتا ہے تو اللہ تعالی اسے میری شفاعت کے سبب جنت میں داخل فرمائے گا اور اس ذات کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے۔ کسی بندے کو اس کا عمل اسی صورت فائدہ دے گا جبکہ وہ ہمارا حق پہچانے ۔ 
حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی رحمت ﷺ نے ارشاد فرمایا : میرے اہل بیت کی مثال حضرت نوح ؑکی کشتی کی طرح ہے جو اس میں سوار ہو گیا وہ نجات پاگیا اور جو اس سے پیچھے رہ گیا وہ غرق ہو گیا ۔ ( طبرانی )۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

فضائل و مناقب اہلِ بیت اطہارؓ(۲)

  فضائل و مناقب اہلِ بیت اطہارؓ(۲) حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جب سورۃ اشورٰ ی کی یہ آیت مبارکہ نازل ہوئی :ترجمہ (اے م...