پیر، 4 مئی، 2026

حیوانات کے حقوق(۲)

 

حیوانات کے حقوق(۲)

حضرت سعید بن جبیر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ کچھ لوگوں کے پاس سے گزرے جو ایک مرغ کو باندھ کر نشانہ لگانے کی مشق کر رہے تھے۔جب انہوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ کو دیکھا تو وہاں سے چلے گئے۔ آپؓنے فرمایا یہ کون کر رہا تھا ؟ نبی کریمﷺ نے ایسا کرنے والے پر لعنت کی ہے۔ ( مسلم)۔ 
نبی کریم ﷺ نے فرمایا :ایک عورت کو ایک بلی کی وجہ سے عذاب دیا گیا۔وہ بلی کو باندھ کر رکھتی تھی یہاں تک کہ وہ مر گئی۔پس وہ عورت اس بلی کی وجہ سے دوزخ میں چلی گئی۔( بخاری )۔ 
ترمذی شریف حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، نبی کریمﷺ نے جانوروں کو لڑانے اور ایک دوسرے کے خلاف بھڑکانے سے منع فرمایا۔
اسلام میں جان لیوا اور خطر ناک جانوروں کو تکلیف دینے سے بھی منع کیا گیا ہے۔ اگر کسی موذی جانور کو مارنا ہو تو ایک ہی ضرب میں مارو اس کو زیادہ تکلیف نہ دو اور اگر کسی جانور کو ذبح کرنا ہو تو احسن طریقے سے ذبح کرو۔ 
نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا اللہ تعا لیٰ نے ہر چیز کے ساتھ حسن سلوک کرنے کا حکم فرمایا ہے سو جب تم کسی جانور کو مارو تو احسن طریقے سے مارو اور جب ذبح کرو تو احسن طریقے سے ذبح کرو۔ وہ چھری کو تیز کرے اور اپنے جانور کو آرام پہنچائے۔ (مسلم )۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا بنی اسرائیل میں ایک فاحشہ عورت نے شدید گرمی میں ایک پیاسے کتے کو دیکھا جس کی زبان پیاس کی وجہ سے باہر نکلی ہو ئی تھی۔اس عورت نے اپنے موزے میں پانی بھر کر اسے پلایا۔اللہ تعالیٰ نے اس نیکی کے بدلے اسے بخش دیا۔ ( مسلم )۔ 
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ فتح مکہ کے موقع پر جب نبی کریم ﷺ دس ہزار کے لشکر کے ساتھ مکہ مکرمہ روانہ ہوئے توراستے میں عرج کے مقام سے آگے نبی کریم ﷺ نے ایک کتیا کو دیکھا جس نے ابھی ابھی چند بچے جنے تھے اور وہ اپنی ماں کا دودھ پی رہے تھے۔ نبی کریم ﷺ نے جمیل بن سراقہ رضی اللہ عنہ کو حکم فرمایا کہ وہ اس کتیا کے سامنے کھڑا ہو جائے تا کہ کوئی شخص اس کتیا کو اذیت نہ پہنچائے۔ (سبل الہدی والرشاد )۔
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا بیشک نرمی جس چیز میں ہوتی ہے اس کوخوبصورت بنا دیتی ہے اور جس چیز سے نرمی نکال لی جائے وہ بدصورت ہو جاتی ہے۔ ( مسلم )۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

حیوانات کے حقوق(۲)

  حیوانات کے حقوق(۲) حضرت سعید بن جبیر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ کچھ لوگوں کے پاس سے گزرے جو ایک مرغ کو باندھ کر ...