اتوار، 3 مئی، 2026

حیوانات کے حقوق (۱)

 

 حیوانات کے حقوق (۱)

اسلام سے قبل عرب میں جانوروں کو مختلف قسم کی تکالیف دی جاتی تھیں۔مثال کے طور پر جانور کو ذبح کیے بغیر اس کا گوشت کاٹ لینا ، اس کی دم کاٹ دی جاتی ۱ور ان کے جسم کو داغا جاتا۔ لیکن اسلام نے جہاں انسانوں کے حقوق مقرر کیے وہیں جانوروں کے حقوق کا جامع اور متوازن نظام پیش کیا۔ اسلام میں اس بات کی بھی تعلیم دی گئی کہ جانور بھی اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہے لہٰذا ان کے ساتھ حسن سلوک کرنا انسان کی اخلاقی اور دینی ذمہ داری ہے۔جانوروں کو بھوک پیاس ، تکلیف اور تھکاوٹ ہوتی ہے تو یہ تمہیں بتا نہیں سکتے اس لیے خود ان کا خیال رکھا کرو۔ کیونکہ جانوروں کے بارے میں بھی اللہ تعالیٰ کے حضور جواب دہ ہونا پڑے گا۔ 
حضرت سہل بن حنظلیہؓ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ ایک اونٹ کے پاس سے گزرے جس کی پشت اس کے پیٹ کے ساتھ چمٹی ہوئی تھی۔نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا ان بے زبان جانوروں کے بارے میں اللہ تعالیٰ سے ڈرو ، ان پر سواری کرو جب یہ سواری کے قابل ہوں اور ان کو ذبح کر کے کھائو جب یہ کھانے کے قابل ہوں۔ ( ابو دائود )۔
حضرت معاذ بن انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا چوپایوں پر سواری کرو جب یہ تندرست ہوں اور انہیں آرام اور سلامتی کے ساتھ چھوڑ دو اور انہیں رستوں اور بازاروں میں اپنی باتوں کے لیے کرسیاں نہ بنائو۔ 
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا ایک شخص سفر کر رہا تھا اس کو سخت پیاس لگی تو اس نے کنویں میں اتر کر پانی پیا۔جب وہ باہر نکلا تو اس نے دیکھا کہ ایک کتا پیاس کی وجہ سے تر مٹی کو چاٹ رہا ہے۔اس شخص نے خیال کیا کہ اس کتے کو بھی پیاس لگی ہو گی لہٰذا وہ دوبار کنویں میں اترا اور اپنے موزے میں پانی بھر کر اس کتے کو پانی پلایا۔ اللہ تعالیٰ نے اس آدمی کے اس عمل کو قبول فرمایا اور اس کو بخش دیا۔صحابہ کرام نے عرض کی یارسو ل اللہ ﷺ کیا جانوروں کے ساتھ نیکی کرنے پر بھی اجر ملے گا ؟ آپﷺنے فرمایا ہر جاندار پر رحم کرنے پر نیکی ہے۔ ( بخاری )۔
حضرت عبد اللہ بن مسعودؓبیان کرتے ہیں کہ ہم  سفر میں تھے کہ ہم ایک جگہ رفع حاجت کے لیے گئے وہاں سے ہم نے ایک چھوٹی چڑیاکے دو بچے پکڑ لیے۔چڑیا ہمارے سر پر منڈلانے لگی۔جب نبی کریم ﷺ تشریف لائے تو فرمایا تم میں سے کس نے اس کے بچوں کر پکڑ کر ستایا ہے اس کے بچے واپس کر دو۔ ( ابودائود )۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

حیوانات کے حقوق (۱)

   حیوانات کے حقوق (۱) اسلام سے قبل عرب میں جانوروں کو مختلف قسم کی تکالیف دی جاتی تھیں۔مثال کے طور پر جانور کو ذبح کیے بغیر اس کا گوشت کاٹ ...