بدھ، 18 فروری، 2026

استقبال رمضان(۱)

 

استقبال رمضان(۱)

روزہ عبادت ، صبر کا پیغام ہے
یہ ماہ رمضان رب کا انعام ہے
رمضان المبارک اسلامی سال کا وہ با برکت مہینہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی خاص رحمتوں ، برکتوں اور انعامات کو اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے امت مسلمہ پر سایہ فگن ہوتا ہے۔ یہ مہینہ محض دن کے وقت بھوکا پیا سا رہنے کا نام نہیں بلکہ ایمان کی تجدید ، اخلاق کی اصلاح ، قلبی تطہیر اور روحانی بلندی حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے : اے ایمان والو تم پر روزے فرض کیے گئے ہیں جیسا کہ تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تھے تا کہ تم متقی بن جائو۔ (البقرہ)۔
ماہ رمضان کا اصل مقصد تقویٰ کا حصول ہے کیونکہ متقی اور پرہیز گار شخص ہر حال میں اللہ تعالیٰ کی نافرمانی سے بچتا ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ رمضان کی آمد سے قبل صحابہ کرام کو جمع فرماتے اور انہیں خطبہ ارشاد فرماتے اے میرے صحابہ تم پر ایک عظمت والا مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے اس میں ایک رات ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ 
نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جب رمضان المبارک کا مہینہ آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور شیاطین کو جکڑدیا جاتا ہے۔ (بخاری )۔
ماہ رمضان المبارک کی با برکت ساعتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اس کی آمد سے پہلے ہی ماہ مقدس کا استقبال کرنے کی تیاری کریں اور خود کو جسمانی ، ذہنی اور روحانی لحاظ سے تیار رکھیں۔ کسی بھی نیک کام کو کرنے کے لیے اخلاص کا ہونا بہت ضروری ہے۔ جو عمل بغیر اخلاص
 کے کیاجائے اس کا کوئی اجر و ثواب نہیں ملتا لہٰذا ہم رمضان کی آمد سے قبل ہی یہ نیت کریں کہ ہم خالصتاً اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے روزے رکھیں گے اور اس کی خوب عبادت کریں گے۔اس نیت سے روزہ رکھنا کہ لوگ مجھے روزہ دار کہیں ، نماز اس نیت سے پڑھنا کہ لوگ مجھے نمازی کہیں، ایسی نمازوں اور روزوں کا اللہ کے نزدیک کوئی اجر و ثواب نہیں۔ 
ماہ رمضان کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے نفس کا محاسبہ کریں۔ فرائض سے کوتاہی ، دل میں بغض ، حسد و کینہ موجود ہو تو سارا دن بھوکا پیاسا رہنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ اسی لیے ماہ رمضان سے قبل اللہ تعالیٰ کے حضور سچی توبہ کریں اور حقوق اللہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کو بھی ادا کریں تا کہ ماہ رمضان میں اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کو سمیٹ سکیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

استقبال رمضان(۱)

  استقبال رمضان(۱) روزہ عبادت ، صبر کا پیغام ہے یہ ماہ رمضان رب کا انعام ہے رمضان المبارک اسلامی سال کا وہ با برکت مہینہ ہے جو اللہ تعالیٰ ک...