انفاق فی سبیل اللہ (۱)
مال و دولت اللہ تعالی کی عطا کردہ نعمت اور انسان کے لیے ایک آزمائش ہے ۔ اس دولت کا حقیقی حُسن اس وقت نمایاں ہوتا ہے جب انسان اسے صرف اپنی آسائشوں تک محدود رکھنے کے بجائے دوسروں کی ضرورتوں اور بھلائی کے لیے بھی خرچ کرتا ہے ۔
انفاق فی سبیل اللہ دراصل ایثار ، اخلاص اور بندگانِ خدا سے محبت کا عملی اظہار ہے۔ قرآن مجید اور احادیث میں اس عمل کو ایمان کی علامت قراردیتے ہوئے بے شمار اجرو ثواب کی بشارت دی ہے ۔ یہی وہ نیک عمل ہے جو مال کو پاکیزگی ، دل کو وسعت اور معاشرے کو ہمدردی و محبت عطا کرتا ہے ۔ متقی لوگوں کی صفات بیان کرتے ہوئے اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا :”وہ جو بے دیکھے ایمان لائے اور نماز قائم رکھیں اور ہمارے دیے ہوئے رزق میں سے کچھ ہماری راہ میں خرچ کرتے ہیں “۔ (البقرہ :آیت ۳)
اور جو لوگ اللہ تعالی کی راہ میں اپنا مال خالص اللہ تعالی کی رضا کے لیے خرچ کرتے ہیں اللہ تعالی انہیں اس کا اجر سات سو گنا عطافرماتا ہے ۔ سورۃ البقرہ کی آیت ۱۶۲ ، ۲۶۲ اور ۳۶۲میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : ” جو لوگ اپنے اموال اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں ان کی مثال اس دانہ کی طرح ہے جس نے اگائیں سات بالیں ہر بال میں سو دانے اور اللہ اس سے بھی زیادہ بڑھائے جس کے لیے چاہے اور اللہ وسعت والا علم والا ہے ۔وہ جو اپنے مال اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں پھر دیئے پیچھے نہ احسان رکھیں نہ تکلیف دیں ان کا نیگ ان کے رب کے پاس ہے اور انہیں نہ کچھ اندیشہ ہو نہ کچھ غم ۔ اچھی بات کہنا اور در گزر کرنا اس خیرات سے بہتر ہے جس کے بعد ستانا ہو اور اللہ بے پرواہ حلم والا ہے “۔
ان آیات مبارکہ میں اللہ تعالی فرماتا ہے کہ جب کچھ اللہ تعالی کی راہ میں دیا جائے تو اس پر احسان نہ جتلایا جائے اور نہ ہی تکلیف دی جائے ۔ اور اگر کچھ دینے کو نہ ہو تو اسے بُرا بھلاکہنے کی بجائے اچھی بات کی جائے اور خوش خلقی سے پیش آیا جائے یہ اس سے بہتر ہے جس خیرات کے دینے کے بعد کسی کو احسان جتلایا جائے ۔
حضرت ام بجیدہ ؓ نے نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں عرض کی یا رسول اللہ ﷺ ایک سائل آتا ہے جو میرے دروازے پر کھڑ ا ہو جاتا ہے میرے پاس اسے دینے کو کچھ نہیں ہوتا ۔ آپ ﷺ نے فرمایا اگر تیرے پاس جلے ہوئے کھر کے سوا کچھ نہ ہو تو وہی اسے دے دو۔ ( ترمذی )۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں