پیر، 5 اکتوبر، 2026

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ (۲)

 

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ (۲)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ ایک مرتبہ چند چھوہارے لے کر نبی رحمت ﷺ کی بارگاہ اقدس میں حاضر ہوئے اور عرض کی یا رسول اللہ ﷺ  میرے لیے برکت کی دعا فرمائیں ۔آپ ﷺ نے دعا فرمائی اور فرمایا کہ اسے اپنی تھیلی میں رکھ لو اور جب جی چاہے اس میں ہاتھ ڈال کرکھاؤ اور دوسروں کو بھی کھلاؤ مگر کبھی اس تھیلی کو خالی کر کے  مت جھاڑنا ۔آپ ؓ فرماتے ہیں کہ پچیس سال تک اس تھیلی میں سے چھوہارے نکال کر کھاتا رہا اور دوسروں کو بھی کھلاتا رہا خیرات بھی کرتا رہا لیکن چھوہارے ختم نہ ہوئے اورسیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی شہادت کے  دن کہیں گر گئی جس کا آپ ؓ کو ساری زندگی صدمہ رہا ۔ ( ترمذی )۔
ایک مرتبہ آپ رضی اللہ عنہ کا گزر ایک ایسی جماعت کے پاس سے ہوا جن کے سامنے بھنی ہوئی بکری رکھی ہوتی تھی ۔ لوگوں نے آپ ؓ کو  کھانے کی دعوت دی تو آپ رضی اللہ عنہ نے یہ فرمایا کر منع کر دیا کہ نبی رحمت ﷺ دنیا سے تشریف لے گئے اور کبھی جو کی روٹی پیٹ بھر کر نہ کھائی ۔ ( بخاری )۔
آپؓ اپنی والدہ ماجدہ کے ساتھ حسن سلوک کے ساتھ پیش آتے تھے اور اسلام قبول کرنے کے بعد ہمیشہ اس کوشش میں رہے کہ ان کی  والدہ بھی دین اسلام میں داخل ہو جائیں ۔ایک مرتبہ آپ ؓ کی والدہ نے حضور نبی کریم ﷺ کی شان میں نازیبا کلمات کہے تو آپ ؓ روتے ہوئے نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوئے اور عرض کی یارسول اللہ ﷺمیری والدہ کے لیے ہدایت کی دعا فرمائیں ۔نبی  رحمت ﷺ نے ادھر دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے کہ اے اللہ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کی والدہ کو ہدایت عطا فرمااُدھر آپ ؓ کی والدہ کی دنیا بدل  گئی اور غسل کر کے مسلمان ہو گئیں ۔ جب سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ گھر پہنچے تو آپ رضی اللہ عنہ کی والدہ کلمہ پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل  ہو گئیں۔(مسلم )۔
آپ رضی اللہ عنہ نے عہد رسالت ﷺ میں غزوہ حنین جیسے معرکوں میں حصہ لیا ۔ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں بھی فتنہ فساد برپا کرنے والوں کے خلاف بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔عہد فاروقی میں سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے آپ رضی اللہ عنہ کو بحرین کا گورنر مقررفرمایا ۔
سیدنا ابوہریرہؓ نے ۹۵ہجری میں اٹھتر سال کی عمر میں مدینہ منوہ میں وفات پائی اور جنت البقیع میں مدفون ہوئے ۔ ( عمدۃ القاری)۔ آپ رضی اللہ عنہ نے دنیاوی مشکلات کے مقابلے میں علم نبوی ﷺ کو ترجیح دی اور اپنی زندگی کو سنت نبوی ﷺ کی حفاظت کے لیے وقف کر دیا ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ (۲)

  حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ (۲) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ ایک مرتبہ چند چھوہارے لے کر نبی رحمت ﷺ کی بارگاہ اقدس میں حاضر ہوئے اور عرض کی...