جمعہ، 4 ستمبر، 2026

عظمت و شان مصطفی ﷺ (۱)

 

عظمت و شان مصطفی ﷺ (۱)

حضرت واثلہ بن اسقع رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : بیشک اللہ تعالی نے اولاد  ابراہیم علیہ السلام سے حضرت اسماعیل کو چن لیا پھر حضرت اسماعیل کی اولاد سے بنی کنانہ کو منتخب کیا اور بنی کنانہ کی  اولاد سے قبیلہ قریش کو فضیلت بخشی اور قبیلہ قریش سے خاندان ہاشم کو ممتاز کیا اور خاندان بنو ہاشم سے مجھے چن لیا ۔ (سبل الہدی )۔
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ حضرت آدم علیہ السلام کی تمام اولاد سے میں اپنے رب کے نزدیک معزز و  مکرم ہو ں ۔ میں یہ بات فخر و مباہات کے لیے نہیں کر رہا بلکہ اظہار حقیقت کر رہا ہو ں ۔ ( ترمذی )۔
  حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا فرماتی ہیں حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : ایک روز جبرئیل امین میرے پاس حاضر ہوئے اور عرض کی کہ میں نے زمین کے مشرق و مغرب کو چھان مارا ہے لیکن میں نے کوئی ایسامرد نہیں دیکھا  جو آپ ﷺ سے افضل ہو اور نہ کوئی خاندان دیکھا ہے جو خاندان بنو ہاشم سے اعلی ہو ۔ ( الطبرانی )۔
حضرت ابن وہب رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا : اللہ تعالی نے مجھے ارشاد فرمایا اے  میرے محبوب مجھ سے مانگو ۔ میں نے عرض کی اے میرے پرودگار میں تجھ سے کیا مانگو ں ۔ تو نے حضرت ابراہیم علیہ السلام  کو اپنا خلیل بنایا ، حضرت موسی علیہ السلام سے بلا واسطہ کلام کیا ، حضرت نوح علیہ السلام کو چن لیا ، حضرت سلیمان علیہ السلام کو وہ ملک عظیم عطا کیا جو آپ کے بعد کسی کو نہیں دیا جائے گا ۔ یہ سن کر اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا : اے  میرے محبوب میں نے آپ کو وہ عطا کیا ہے جو ان سب سے اعلی ہے ۔میں نے آپ کو کوثر عطا کی ۔ میں نے آپکے نام کو اپنے نام کے ساتھ ملایا جو ہر اذان و شہادت کے وقت فضا میں گونجتا ہے ۔ اور میں نے زمین کو آپ کے لیے اور آپ کی امت کے لیے طہارت کا سبب بنایا ۔ اور آپ پر جو الزامات ہجرت سے پہلے لگے اور جو ہجرت کے بعد  لگائے گئے میں نے ان سب سے آپ کے دامن کو پاک کر دیا ۔آپ لوگوں میں اس حالت میں چلتے ہیں کہ آپ  مغفور ہیں اور یہ مہربانی آپ سے پہلے میں نے کسی کے ساتھ نہیں کی ۔ اور میں نے آپ کے امتیوں کے دلوں کو قرآن کریم کاحامل بنادیا ہے اور میں نے مقام شفاعت آپ کے لیے مخصوص کر رکھا ہے ۔ حالانکہ میں نے آپ کے بغیر کسی  نبی کو یہ شان عطا نہیں فرمائی ۔ ( الشفائی)۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

عظمت و شان مصطفی ﷺ (۱)

  عظمت و شان مصطفی ﷺ (۱) حضرت واثلہ بن اسقع رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : بیشک اللہ تعالی نے اولاد  ابراہی...