پیر، 27 جولائی، 2026

موانع و مظاہر عجز و انکسار(۲)

 


موانع و مظاہر عجز و انکسار(۲)

جب انسان کے حالات ٹھیک نہیں ہوتے اور اسے مالی تنگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ ایک انتہائی عاجز انسان بن جاتا ہے لیکن حقیقی عاجزی وہ ہے جو مال و دولت ہونے کے باوجود  قائم رہے ۔  مسند ابی یعلی میں ہے حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا اگر میں چاہو ں تو میرے ساتھ سونے کے پہاڑ چلیں ۔حضور نبی کریم ﷺ  نے شاہی کو اختیارکرنے کی بجائے عجز و انکساری کو اختیار فرمایا ۔ 
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں نبی کریم ﷺ نے کبھی تکیہ لگا کر کھانا نہیں کھایا۔ آپ ﷺ نے فرمایا میں ایسے ہی کھاؤں گا جیسے عام بندہ کھاتا ہے اور ایسے ہی بیٹھوں گا جیسے ایک عام بندہ بیٹھتا ہے۔ امام فخرالدین رازی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں جب نبی کریمﷺ معراج کی رات اعلی ترین درجات اور بلند ترین مقام پر فائز ہوئے تو اللہ تعالی نے آپﷺ پر وحی نازل فرمائی :اے محمد (ﷺ) میں آپ کو کس لقب سے مشرف کروں تو حضور نبی کریم ﷺ کی عاجزی  کا نکتہ کمال یہ تھا کہ  مقام رفیع پر فائز ہونے کے باوجود فرمایا کہ اے میرے پروردگار مجھے اپنی نشست سے منسوب فرما ۔حضور نبی کریم ﷺ  نے عبدیت کو ہی اپنے لیے سب سے بڑا شرف سمجھا ۔ (تفسیر الکبیر )
 عاجزی و انکساری اختیار کرنے والا شخص جب اپنے دشمن پر فتح حاصل کر لیتا ہے تو وہ عاجزی کاراستہ چھوڑ کر تکبر اور انتقام کے راستے پر چل پڑتا ہے اور ظلم و ستم کی انتہا کر دیتا ہے ۔ارشاد باری تعالی ہے :
بادشاہ جب کسی بستی میں داخل ہوتے ہیں اسے تباہ کر دیتے ہیں اور اس کے عزت والوں کو ذلیل۔ اوریہ لوگ ایسا ہی کرتے ہیں ۔(سورۃ النمل)
لیکن نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ سے ہمیں پیغام ملتا ہے کہ فتح و کامیابی کے باوجود عجز و انکساری کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔
حضور نبی کریم ﷺ نے جتنے بھی غزوات میں کامیابی حاصل کی قیدیوں پر ظلم و ستم کی بجائے معمولی سا فدیہ لے کر رہا فرما دیتے تھے ۔ حضور نبی کریم ﷺ کی عجزو انکساری کا عالم یہ تھا کہ ایک مرتبہ قیدیوں میں عمرو بن عبداللہ نے، جو کہ شاعر بھی تھا،  حضور ﷺ سے عرض کی میری پانچ بیٹیاں ہیں جن کا میرے علاوہ کوئی نہیں ۔اے محمد ﷺ مجھے ان بچیوں کے صدقے کی صورت میں رہا کر دیں میں آئندہ کبھی کسی کو آپ ﷺ کے خلاف نہیں ابھاروں گا ۔ حضور ﷺ نے اسے بغیر فدیہ کے آزاد کر دیا۔ ( حیات محمد )


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

موانع و مظاہر عجز و انکسار(۲)

  موانع و مظاہر عجز و انکسار(۲) جب انسان کے حالات ٹھیک نہیں ہوتے اور اسے مالی تنگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ ایک انتہائی عاجز انسان بن جات...