جمعرات، 11 جون، 2026

پیکر شرم و حیا (۲)

 

پیکر شرم و حیا (۲)

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ کی خدمت میں ایک جنازہ لایا گیا اور عرض کی گئی یا رسول اللہ ﷺ آپ اس کا جنازہ پڑھائیں ۔مگر آپ ﷺ نے اس پر نماز جنازہ نہ پڑھی ۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہ نے عرض کی یا رسول اللہ ﷺ ہم نے آپ کو کسی کی نماز جنازہ چھوڑتے نہیں دیکھا آپ ﷺ نے فرمایا یہ عثمان سے بغض رکھتا تھا تو اللہ نے بھی اس سے بغض رکھا ہے ۔ (ترمذی )۔
حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ بیشک حضور نبی کریم ﷺ نے بدر والے دن کھڑے ہو کر فرمایا بیشک عثمان اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے کام میں مصروف ہے اور بیشک میں اس کی بیعت کرتا ہوں اور نبی کریم ﷺ نے مال غنیمت میں سے بھی آپ کا حصہ مقرر کیا اور آپؓ کے علاوہ جو کوئی اس دن غائب تھا اس کے لیے حصہ مقرر نہیں کیا ۔ ( ابو داؤد )۔ حضرت طلحہ بن عبید اللہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا ہر نبی کا ایک رفیق ہوتا ہے اور جنت میں میرا رفیق عثمان ہے ۔ ( ترمذی )۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺنے بیعت رضوان کا حکم دیا تو اس وقت حضرت عثمان بن عفان آپ ﷺکے سفیر بن کر مکہ والوں کے پاس گئے تھے ۔ حضرت انس ؓ فرماتے ہیں کہ لوگوں نے حضور اکرم ﷺ کے ہاتھ پر بیعت کی ۔ تو نبی رحمت ﷺ نے فرمایا عثمان اللہ اور اس کے رسول کے کام میں مصروف ہے ۔ یہ فرمایا کر آپ ﷺ نے اپنا ایک ہاتھ دوسرے ہاتھ پر رکھ کر بیعت کی۔ حضرت عثمان کے لیے حضور نبی کریمﷺ کا دست مبارک لوگوں کے اپنے ہاتھوں سے اچھا تھا ۔ ( ترمذی)۔
سیدنا عثمان غنی نبی رحمت ﷺ  سے بے حد پیار فرماتے تھے ۔ ایک مرتبہ وضو کرتے ہوئے مسکرانے لگے ۔ لوگوں نے مسکرانے کی وجہ پوچھی تو فرمایا ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ اسی جگہ وضو کرتے ہوئے اسی طرح مسکرائے تھے ۔ ( مسند احمد )۔
 آپ رضی اللہ عنہ کا دور خلافت 12 سال پر محیط ہے ۔آپؓ کی خلافت میں بے شمار فتوحات ملیں اور اسلامی سلطنت میں اضافہ ہوا ۔ آپ ؓ کو اٹھارہ ذوالحجہ کو روزے کی حالت میں قرآن پاک کی تلاوت کرتے ہوئے نہایت مظلومیت کی حالت میں شہید کر دیا گیا ۔  حضرت عبد اللہ بن عمر بیان کرتے ہیں صبح کے وقت حضرت عثمان ؓ نے فرمایا بیشک میں نے نبی کریم ﷺ کو گزشتہ رات خواب  میں دیکھا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا اے عثمان آج ہمارے پاس روزہ افطار کرو ۔پس آپؓ کو روزہ کی حالت میں اسی روز شہید کر دیا گیا ۔ ( مستدرک للحاکم )۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

پیکر شرم و حیا (۲)

  پیکر شرم و حیا (۲) حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ کی خدمت میں ایک جنازہ لایا گیا اور عرض کی گئی یا رسول اللہ ﷺ آپ اس کا ...