جمعہ، 12 جون، 2026

ذکر الہی کی فضیلت و فوائد (۱)

 

ذکر الہی کی فضیلت و فوائد (۱)

اللہ تعالی نے انسان کو اپنی عبادت اور معرفت کے لیے پیدا فرمایا ہے ۔بندہ مومن کی زندگی کا مقصد اپنے رب کو پہچاننا ، اس کی اطاعت کرتا  اور ہر حال میں اس کی یاد میں مشغول رہنا ہے ۔ ذکر صرف زبان سے چند کلمات دہرالینے کا نام نہیں بلکہ دل ، زبان اور اعمال کے ذریعے اللہ تعالی سے تعلق مضبوط کرنے کا نام ہے ۔ ذکر الہی دل کی روشنی ، بیمار کے لیے دوا و غذااور اعمال صالحہ کی روح ہے ۔ ذکر الہی سے غافل زبان ایسے ہی ہے جیسے اندھی آنکھ اور بہرے کان ۔
سورۃ الذٰریٰت میں  ارشاد باری تعالی ہے :’’ اور میں نے جن اور آدمی اس لیے بنائے کہ میری بندگی کریں ‘‘۔ سورۃ الاحزاب میں اللہ تعالی  ارشاد فرماتا ہے :’’اے ایمان والو اللہ کا ذکر کثرت سے کرو ‘‘۔ 
سورۃال عمران میں اللہ تعالی کا فرمان ہے کہ :’’اور جو اللہ کی یاد کرتے ہیں کھڑے اور بیٹھے اور کروٹ پر لیٹے اور آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں غور کرتے ہیں اے ہمارے رب تو نے یہ بیکار نہ بنایا پاکی ہے تجھے تو ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچا لے ‘‘۔ سورۃ الانفال میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے :’’ اے ایمان والو جب کسی گروہ سے تمہارا مقابلہ ہو تو ثابت قدم رہو اور اللہ کو یاد کرو کہ تم مراد کو پہنچو‘‘۔ 
سورۃ الاحزاب میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : ’’اور کثرت سے یاد کرنے والے اورذکر کرنے والیاں ان سب کے لیے اللہ نے بخشش اور بڑا  ثواب تیار کر رکھا ہے ‘‘۔سورۃ البقرہ میں ارشاد باری تعالی ہے :’’ تم میرا ذکر کرو میں تمہارا ذکر کروں گا اور میرا شکر بجا لائو اور نا شکری نہ کرو‘‘۔  ذکر الہی سے رو گردانی کرنے والوں کے لیے قرآن مجید میں سخت وعید فرمائی گئی ہے ۔ سورۃ الزمر میں اللہ تعالی فرماتا ہے : ’’تو خرابی ہے ان کی جن کے دل یاد خدا کی طرف سے سخت ہو گئے ہیں وہ کھلی گمراہی میں ہیں‘‘۔ 
اسی طرح سورۃ الزخرف میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے :’’ اور جو رحمن کے ذکر سے غافل ہو جائے ہم اس پر ایک شیطان تعینات کریں کہ وہ اس کا ساتھی رہے‘‘۔ 
احادیث مبارکہ میں بھی ذکر کی بے شمار فضیلت بیان کی گئی ہے ۔حضرت عبد اللہ بن بسر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک آدمی نے نبی کریم ﷺ  سے عرض کی یارسول اللہ ﷺ شریعت کے احکام میرے اوپر کثرت سے لازم ہو گئے ہیں ۔پس مجھے کوئی ایسی شے بتائیں جس سے میں چمٹ جاؤں اور اسے لازم پکڑ لوں ۔آپ ﷺ نے فرمایا تیری زبان ہر وقت اللہ کے ذکر سے تر رہنی چاہیے ۔ ( ترمذی )

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ذکر الہی کی فضیلت و فوائد (۱)

  ذکر الہی کی فضیلت و فوائد (۱) اللہ تعالی نے انسان کو اپنی عبادت اور معرفت کے لیے پیدا فرمایا ہے ۔بندہ مومن کی زندگی کا مقصد اپنے رب کو پہچ...