ولادتِ سرور کونین ﷺ (۱)
عید میلا دالنبی ؐ اسلامی تاریخ کا ایک مبارک اور نورانی دن ہے جو غلامانِ مصطفی ﷺ کے دلوں میں عشق و محبت ، عقیدت و احترام اور خوشی و مسرت کی لہر دوڑا دیتا ہے۔ یہ وہ عظیم اور برکت والا دن ہے جس دن سرور کائنات ، جانان ِ کائنات ، وجہہ تخلیق کائنات حضور نبی کریم خاتم النبین ؐ اس دنیا میں تشریف لائے اور شر ک و ظلمت میں ڈوبی ہو ئی انسانیت کو ہدایت کے نور سے منور فرمایا۔ یہ اللہ تعالیٰ کا ایمان والوں پر احسان عظیم ہے کہ اس نے ہمیں اپنے پیارے محبوب کی امت میں پیدا فرمایا۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے : ’’ بیشک اللہ کا بڑا احسان ہوا مومنوں پر کہ ان میں انہیں میں سے ایک رسول بھیجا ‘‘۔ ( سورۃ آل عمران )۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے جب اللہ تعالی کا گھر تعمیر کیا تو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا کی کہ اے اللہ نبی آخرالزمانﷺ کو ہماری نسل میں ظاہر فرما۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’اے ہمارے رب اور ان کے درمیان انہی میں سے ایک رسول بھیج جو ان پرتیری آیتوں کی تلاوت فرمائے اور انہیں تیری کتاب اور پختہ علم سکھائے اور انہیں خوب پاکیزہ فرما دے بیشک تو ہی غالب حکمت والا ہے ‘‘۔( سورۃ البقرۃ )۔
حضرت عرباض بن ساریہ رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : میں اللہ تعالیٰ کے ہاں لوح محفوظ میں اس وقت بھی نبی تھا جب آدم علیہ السلام ابھی مٹی میں تھے ،میں تم کو اس کی تاویل بتاتا ہوں۔ میں اپنے باپ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا ہوں،حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی بشارت ہوں جو انہوں نے اپنی قوم کو دی اور میں اپنی والدہ کا خواب ہوں جو انہوں نے دیکھا کہ ان سے ایک نور نکلا جس کے لیے شام کے محلات روشن ہو گئے۔ ( مسند احمد )۔
جب پورے عالم میں ہر طرف تاریکی چھائی ہوئی تھی ، آداب معاشرت بالکل ختم ہو چکے تھے ، غلاموں اور عورتوں کو بالکل بھی عزت کے قابل نہیں سمجھا جاتا تھا اور ہر طرف ظلم کا بازار گرم تھا تب اللہ تعالیٰ نے اپنا کرم فرمایا اور اپنے محبوب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو مبعوث فرما کر ساری تاریکیوں کو روشنی میں بدل دیا۔ عورتوں اور غلاموں کو ان کا مقام مل گیا اور غریبوں اور یتیموں کو سہارا مل گیا ہر سْو نور ہی نور چھا گیا سب کے چہرے پر رونق بکھر آئی۔
ربیع الاول کو مکہ مکرمہ کی سر زمین پر دنیا بھر کے قبیلوں اور خاندانوں میں سب سے بہتر خاندان اور قبیلے میں جنا ب بی بی آمنہ رضی اللہ عنہاکے گھرصبح صادق آپ ؐ کی جلوہ گری ہو ئی۔
جس سہانی گھڑی چمکا طیبہ کا چاند
اس دل افروز ساعت پہ لاکھوں سلام
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں