پیر، 13 اپریل، 2026

وقت کی قدرو منزلت

 

وقت کی قدرو منزلت

وقت انسان کی زندگی کا قیمتی سرمایہ ہے ، مگر افسوس کہ اکثر لوگ اس نعمت کی قدر نہیں کرتے ۔وقت ایسی دولت ہے جو ایک بار ہاتھ سے نکل جائے تو واپس حاصل نہیں کی جا سکتی۔ جو لمحہ گزر جائے وہ ہمیشہ کے لیے ماضی کا حصہ بن جاتا ہے ۔ اس کے باوجود ہم اپنی روزمرہ  زندگی میں وقت کو بے دریغ ضائع کرتے رہتے ہیں گویا یہ کبھی ختم نہ ہونے والا خزانہ ہو ۔ارشاد باری تعالی ہے :
’’زمانہ کی قسم ۔بیشک آدمی ضرور نقصان میں ہے ۔ مگر جو ایمان لائے اور اچھے کام کیے اور ایک دوسرے کو حق کی تاکید کی اور ایک دوسرے کو صبر کی وصیت کی ‘‘۔ (سورۃالعصر )۔
انسان کی عمر جو اس کا اصل سرمایہ اور دولت ہے مسلسل ختم ہو رہی ہے اس لیے انسان کو چاہیے کہ اس سرمائے کو اچھے کاموں میں صرف کرے اور نہ صرف خود کو بلکہ دوسروں کو فائدہ پہنچائے ۔ 
نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ دونعمتیں ایسی ہیں جن میں اکثر لوگ دھوکے میں ہیں صحت اور فراغت ۔ یعنی جب انسان کو صحت اور وقت میسر ہوتو وہ تب اس کی قدر نہیں کرتا لیکن جب اس سے یہ نعمتیں چھن جاتی ہیں تو انسان کو اپنی کوتاہیوں کا احساس ہوتا ہے ۔
نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا روزانہ جب سورج طلوع ہوتا ہے تو دن یہ اعلان کرتا ہے کہ  جو کوئی مجھ میں اچھا کام کر سکتا ہے تو کر لے کیونکہ آج کے بعد میں کبھی پلٹ کر نہیں آؤں گا ۔(شعب الایمان )۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ زندگی بے حد مختصر ہے۔ جو وقت مل گیا سو مل گیا آئندہ وقت ملنے کی امید دھوکا ہے۔ وقت کی قدر کی اہمت بیان کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ نے فرمایا : پانچ چیزوں کو پانچ سے پہلے غنیمت جانو : اپنی جوانی کو اپنے بڑھاپے سے پہلے ، صحت کو بیماری  سے پہلے ، مالداری کو تنگدستی سے پہلے ، فرصت کو مصروفیت سے پہلے اور زندگی کو موت سے پہلے ۔ (مستدرک )۔
وقت کی بے قدری کے کئی مظاہر ہمارے معاشرے میں نظر آتے ہیں لوگ گھنٹوں فضول باتوں ، غیر ضروری مشاغل اور بے مقصد سر گرمیوں میں وقت ضائع کر دیتے ہیں ۔ عبادات میں سستی ، علم حاصل کرنے میں غفلت وقت کی ناقدری کی علامتیں ہیں ۔ حالانکہ ایک مومن کی شان یہ ہونی چاہیے کہ وہ اپنے ہر لمحے کو قیمتی سمجھے اور اسے اللہ کی رضا کے حصول کے لیے استعمال کرے ۔ 
اسلام ہمیں وقت کے بہترین استعمال کا درس دیتا ہے ۔ نماز کی پابندی ، تلاوت قرآن پاک ، ذکر و اذکار اور خدمت خلق جیسے اعمال دراصل وقت کو با برکت بناتے ہیں ۔ طالب علموں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر لغو باتوں میں وقت ضائع کرنے کی بجائے اپنی تعلیم پر توجہ دیں کیونکہ وقت ایک ایسی دولت ہے جو واپس نہیں آتی ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

وقت کی قدرو منزلت

  وقت کی قدرو منزلت وقت انسان کی زندگی کا قیمتی سرمایہ ہے ، مگر افسوس کہ اکثر لوگ اس نعمت کی قدر نہیں کرتے ۔وقت ایسی دولت ہے جو ایک بار ہاتھ...