بدھ، 25 فروری، 2026

سیدہ کائنات فاطمۃ الزہر ا ؓ(2)

 

سیدہ کائنات فاطمۃ الزہر ا ؓ(2)

حضور نبی کریم ﷺ نے حضرت فاطمہؓ کی خوشی کو اپنی خوشی اور آپ رضی اللہ عنہا کی تکلیف کو اپنی تکلیف قرار دیا ۔ حضرت مسور بن مخرمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے نبی کریم ﷺ نے فرمایا بیشک فاطمہ میری ٹہنی ہے۔ جس چیز سے اسے خوشی ہوتی ہے اس چیز سے مجھے خوشی ہوتی ہے اور جس چیز سے اسے تکلیف ہوتی ہے اس چیز سے مجھے بھی تکلیف ہوتی ہے ۔ ( مستدرک للحاکم ، مسند احمد )۔
حضرت جابر ؓ سے مروی ہے نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہر ماں کی اولاد کا عصبہ (باپ) ہوتا ہے جس کی طرف وہ منسوب ہوتی ہے سوائے فاطمہ کے بیٹو ں کے کہ میں ہی ان کا ولی اور میں ہی ان کا نسب ہو ۔ (مستدرک للحاکم )۔
حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ وہ نبی کریم ﷺ کی صاحبزادی فاطمہؓ کے ہاں گئے اور کہا اے فاطمہ خدا کی قسم میں نے آپ ؓ سے بڑھ کر کسی شخص کو نبی کریم ﷺ کے نزدیک محبوب ترین نہیں دیکھا ۔(مستدرک للحاکم )۔
سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ نبی اکرمﷺ نے وصال فرمانے سے پہلے آخری دنوں میں حضرت فاطمہ کے کانوں میں کچھ راز کی باتیں کہیں جس کو سن کر آپ رونے لگیں پھر تھوڑی دیر بعد حضرت سیدہ فاطمہ ؓ مسکرا پڑیں،توحضرت فاطمہؓ سے پوچھا گیاکہ آپ کے رونے کی کیا وجہ تھی تو آپ نے فرمایا کہ حضور ﷺ کے وصال کی خبر سن کر رونے لگی اور مسکرانے کی وجہ دریافت کرنے پر سیدہؓ نے فرمایاآقائے کائناتﷺ نے فرمایااے فاطمہ کیا تم اس بات پر راضی نہیں کہ تمام جنتی عورتوں کی سردار تم ہویا تمام مومن عورتوں کی سردار تم ہو۔ایک روایت میں ہے کہ آپ سے مسکرانے کی وجہ پوچھی گئی تو آپ نے فرمایا حضور ﷺ نے مجھے خبر دی کہ میں ان کے گھر والوں میں پہلی ہوں گی جو آپ کے پاس پہنچوں گی۔سیدہ فاطمہ ؓ کا گھرانہ دنیاوی لحاظ سے سادہ مگر روحانی اعتبار سے بے حد عظیم تھا ۔آپ ؓ نے اپنی اولاد کی بہترین تربیت فرمائی اور یہی تربیت بعد میں حضرت حسن رضی اللہ عنہ ، حضرت حسین رضی اللہ عنہ اور سیدہ زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی شکل میں امت مسلمہ کے لیے ہدایت کامینار ہے ۔حضرت فاطمہ ؓکی زندگی زہد و تقوی سے بھرپور تھی ۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی عبادت کا یہ عالم تھا کہ راتوں کو دیر تک عبادت میں مشغول رہتیں اور دن میں بھی گھریلو کام کاج کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کی یاد سے غافل نہ ہوتیں ۔حضور نبی کریم ﷺ نے آپ کو”سیدۃ النساءالعالمین “ کا لقب دیا ۔تین رمضان المبارک کو سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔  آپ ؓ کی حیات مبارکہ ہر دور کی عورتوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سیدہ کائنات فاطمۃ الزہر ا ؓ(2)

  سیدہ کائنات فاطمۃ الزہر ا ؓ(2) حضور نبی کریم ﷺ نے حضرت فاطمہؓ کی خوشی کو اپنی خوشی اور آپ رضی اللہ عنہا کی تکلیف کو اپنی تکلیف قرار دیا ۔...