ہفتہ، 3 جنوری، 2026

نیک اعمال کا اجر

 

نیک اعمال کا اجر

انسانی زندگی کا اصل حسن نیک اعمال میں پوشیدہ ہے۔ اسلام انسان کو یہ شعور عطا کرتا ہے کہ اس کی زندگی کا ہر لمحہ ، ہر عمل اور ہر نیت اللہ تعالیٰ کے علم میں ہے۔ اور کوئی بھی نیکی چاہے وہ کتنی ہی چھوٹی کیوں نہ ہوا س کے بدلے میں اجر سے خالی نہیں۔ نیک اعمال وہ سرمایہ ہیں جو انسان اس فانی دنیا سے لے کر ابدی زندگی تک ساتھ لے جاتا ہے۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ جو ایک نیکی لائے تو اس کے لیے اس جیسی دس نیکیاں ہیں اور جو برائی لائے تو اسے بدلہ نہ ملے گا مگر اس کے برابر۔ ( سورۃ الانعام )۔
حضرت سیدنا ابو مسعود انصاری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک شخص لگام والی اونٹنی لے کر حاضر ہوا اور کہنے لگا یہ میں اللہ تعالیٰ کے راستے میں دے رہا ہو ں۔ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : تمہیں اس کے بدلے قیامت کے دن سات سو لگام والی اونٹنیاں ملیں گی۔ ( مسلم )۔
حضرت سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشا د فرمایا :جس نے کسی بھی چیز کا جوڑا اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کیا تو اسے جنت میں پکارا جائے گا کہ اے ا للہ کے بندے یہ خیر وبھلائی ہے ،تم آجائو اور جو شخص نماز والوں میں سے ہو گا اسے نمازکے دروازے سے پکارا جائے گا اور جو جہاد والوں میں سے ہو گا اسے جہاد والے دروازے سے پکارا جائے گا اور جو صدقہ دینے ولا ہو گا اسے صدقے والے دروازے سے پکارا جائے گا اور جو روزے والوں میں سے ہو گا اسے باب ریان سے پکارا جائے گا۔ (بخاری )۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا جب تم میں سے کوئی شخص اسلام پر اچھی طرح سے عمل پیرا ہو تو ہر وہ نیکی جس پر وہ عمل کرتا ہے اس کے لیے دس گنا سے لے کر سات سو گنالکھی جاتی ہے اور ہر برائی جس پر وہ عمل کرتا ہے اس کی وہ ایک برائی ہی لکھی جاتی ہے۔ ( بخاری )۔ 
نیکی کے ساتھ ساتھ اسلام میں نیت کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ایک چھوٹا سا عمل بھی خالص اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کیا جائے تو وہ بہت بڑے اجر کا سبب بنتا ہے اور ایک بہت بڑا عمل دکھلاوے کے لیے کیا جائے تو ایسا عمل قابل قبول نہیں ہو گا۔ نیک اعمال انسان کی زندگی کو با مقصد ، پاکیزہ اور روشن بنا دیتے ہیں۔ یہ اعمال نہ صرف دنیا میں سکون ، عزت اور برکت کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ آخرت میں کامیابی اور اللہ تعالیٰ کی رضا کا سبب بھی ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

عید الاضحی اور قربانی(۳)

  عید الاضحی اور قربانی(۳) اسلام میں قربانی کے لیے تین ایام 10 ، 11 ،12 ذی الحجہ کے دن مختص کیے گئے ہیں۔ ان تین ایام کے علاوہ کی جانے والی ق...