انفاق فی سبیل اللہ (۴)
سورۃ ابراہیم کی آیت نمبر ۱۳ میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : میرے ان بندوں سے فرما دو جو ایمان لائے کہ نماز قائم رکھیں اور ہمارے دیے میں سے کچھ ہماری راہ میں چھپے اور ظاہر خرچ کریں اس دن کے آنے سے پہلے جس میں نہ سوداگری ہو گی نہ یارانہ۔
اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالی نے جہاں ایمان والوں کو نماز قائم کرنے کا حکم دیا ہے وہیں ساتھ میں یہ بھی فرمایا کہ جو کچھ میں نے تمہیں عطا کیا ہے اس میں سے کچھ میری راہ میں خرچ کرو اور یہ سب قیامت آنے سے پہلے کر لو کیونکہ اس دن نہ تو تجارت ہوگی یعنی کچھ لے دے کر منافع حاصل کیا جا سکے اور نہ ہی تمہارے دوست کام آئیں گے ۔
سورۃ السجدہ میں اللہ تعالی ایمان والوں کی صفات بیان کرتے ہوئے ارشاد فرماتاہے : ان کی کروٹیں جدا ہوتی ہیں خواب گاہوں سے اوراپنے رب کو پکارتے ہیں ڈرتے اور امید کرتے اور ہمارے دیے ہوئے میں سے کچھ خیرات کرتے ہیں۔ ( آیت : ۶۱)۔
جیسا کہ حضرت علی المرتضی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جنت میں بالا خانے ہیں جن کے بیرونی حصے اندر سے اور اندر والے حصے باہر سے نظر آتے ہو ں گے ۔ عرض کی گئی یا رسول اللہ ﷺ یہ کس کے لیے ہوں گے ؟ نبی رحمت ﷺ نے ارشاد فرمایا جو اچھی گفتگو کرے ، کھاناکھلائے ، ہمیشہ روزہ رکھے اور رات میں نماز ادا کرے جب لوگ سو ئے ہوئے ہوں ۔(ترمذی)۔
حضرت ابو عبیدہ بن جراح رضی اللہ عنہ سے مروی ہے سرور کونین ﷺ نے فرمایا جس نے اپنا زائد مال اللہ تعالی کی راہ میں خرچ کیا اس کے لیے سات سو گنا اجر ہے اور جس نے اپنی جان اور اپنے اہل و عیال پر خرچ کیا ، یا کسی مریض کی عیادت کی ، یا اذیت دینے والی چیزکو ہٹایا تو اس کے لیے دس گنا اجر ہے ۔ ( مسند احمد )۔
ارشاد باری تعالی ہے : اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور اس کی راہ میں کچھ وہ خرچ کرو جس میں تمہیں اَوروں کا جانشین کیا تو جو تم میں ایمان لائے اور اس کی راہ میں خرچ کرے ان کے لیے بڑ ثواب ہے ۔ ( سورۃ الحدید :آیت ۷)۔ اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالی نے اپنے اور اپنے محبوب ﷺ پر ایمان لانے کے حکم کے بعد فرمایا کہ جو کچھ تمہارے پاس وراثت کے طور پر ہے یہ تم دوسروں کے جانشین بنے ہو اور تمہارے بعد کوئی اور اس کا مالک بن جائے گا لہذا مال جمع کرنے کی بجائے اسے ہماری راہ میں دل کھول کر خرچ کرو اس پر تمہیں ڈھیرو ں اجر و ثواب ملے گا ۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں