انفاق فی سبیل اللہ (۳)
سورۃ البقرہ کی آیت نمبر ۲۴۵ میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : ’’ہے کوئی جو اللہ کو قرض حسنہ دے تو اللہ اس کے لیے بہت گنا بڑھا دے اور اللہ تنگی اور کشائش کرتا ہے اور تمہیں اسی کی طرف پھرجانا ہے۔سورۃ سبا میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے :’’ (اے محبوب ﷺ) آپ فرما دو بیشک میرا رب رزق وسیع فرماتا ہے اپنے بندوں میں جس کے لیے چاہے اور تنگی فرماتا ہے جس کے لیے چاہے اور جو چیز تم اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہو اس کے بدلے اور دے گا اور وہ سب سے بہتر زرق دینے والا ہے ‘‘۔ ( آیت :۳۹) ان آیات مبارکہ میں اللہ تعالی کی راہ میں اپنا مال خرچ کرنے کی ترغیب دی گئی ہے کہ جو بندہ اللہ تعالی کی راہ میں مال خرچ کرتا ہے اسے اس کا بدلہ کئی گنا بڑھا کر دے گا ۔ اور اللہ تعالی اپنی حکمت کے مطابق جسے چاہتا ہے زیادہ نوازتا ہے اور جسے چاہتا ہے کم نوازتا ہے ۔اس لئے اللہ تعالی کی راہ میں دل کھول کر خرچ کرنا چاہیے اس سے مال میں کمی نہیں ہوتی بلکہ اللہ اور زیادہ عطا فرماتا ہے ۔
ترمذی شریف میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے نبی کریم ﷺ نے فرمایا :رحمن کا دست قدرت بھرا ہوا ہے بے حد و حساب رحمتیں اور نعمتیں یوں برسانے والا ہے کہ دن رات عطا کرنے سے بھی اس میں کچھ کم نہ کیا اور دیکھو تو کہ آسمانوں اور زمین کی پیدائش سےاب تک اللہ تعالی نے کتنا خرچ کر دیا ہے لیکن اس کے باوجود اس کے دست قدرت میں جو خزانے ہیں اس میں کچھ کمی نہیں آئی۔
بخاری شریف میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حبیب خدا ﷺ نے ارشاد فرمایا : اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے اے ابن آدم خرچ کرو میں تم پر خرچ کروں گا ۔ یعنی تو جتنا میری راہ میں خرچ کرے گا میں اتنا ہی زیادہ تمہیں اپنی رحمت سے نوازتا رہو ں گا ۔
مسلم شریف میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی رحمت ﷺ نے ارشاد فرمایا صدقہ سے مال کم نہیں ہوتا ۔ معاف کرنے سے عزت بڑھتی ہے اور عاجزی کرنے سے مرتبے بلند ہوتے ہیں ۔ ارشاد باری تعالی ہے : وہ جو نماز قائم کرتے ہیں اور ہمارے دیے سے کچھ ہماری راہ میں خرچ کرتے ہیں ۔یہی سچے مسلمان ہیں ان کے لیے درجے ہیں ان کے رب کے پاس اور بخشش ہے اور عزت کی روزی ۔( سورۃ الانفال :آیت ۳،۴)۔
ان آیات میں اللہ تعالی نے جہاں ایمان والوں کی یہ نشانی بیان کی کہ وہ نماز کی پابندی کرتے ہیں وہیں ساتھ یہ بھی ارشاد فرمایا کہ یہ ہمارے دیے ہوئے مال میں سے ہماری راہ میں خرچ کرتے ہیں یعنی غربا و مساکین کی مدد کرتے ہیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں