فسق و فجور(۱)
فسق کے لغوی معنی حدود سے نکل جانے کے ہیں جبکہ دینی اصطلاح میں اللہ تعالی کی اطاعت سے انحراف ، اس کے احکام کی نافرمانی اور گناہوں پر اصرار کرنا فسق کہلاتا ہے ۔فجور سے مراد اخلاقی حدود کو توڑنا ، بدکرداری اختیار کرنا اور گناہوں میں بے باکی کا مظاہرہ کرنا ہے ۔ دونوں کا بنیادی تعلق انسان کے اس رویے سے ہے جس میں وہ اللہ تعالی کی ہدایات کو نظر انداز کر کے اپنی خواہشات کو ترجیح دیتا ہے ۔
ارشاد باری تعالی ہے : اس سے بہت سوں کو گمراہ کرتا ہے اور بہت سوں کو را ہ راست دکھاتا ہے اور اس سے انہیں گمراہ کرتا ہے جو بے حکم (فاسق ) ہیں۔ ( البقرہ: آیت ۶۲)۔ یعنی قرآن مجید فرقان حمید پڑھنے سے اللہ تعالی بہت سے لوگوں کو ہدایت عطا فرماتا ہے اور بہت سے ایسے ہیں جو اس کتاب کو پڑھ کر ہدایت نہیں پاتے وہ ایسے لوگ ہیں جو اللہ تعالی کے حکم کو نہیں مانتے ۔
سورۃ البقرہ کی آیت ۹۹ میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : اور بیشک ہم نے تمہاری طرف روشن آیتیں نازل کیں اور ان کے منکر نہ ہوں گے مگر فاسق لوگ۔
یعنی اللہ تعالی نے قرآن مجید میں حلال ، حرام اور حدود وغیرہ کے تمام احکام نازل فرمائے ہیں اور صرف وہی لوگ ان کو نہیں مانتے جو اللہ تعالی کے احکامات کی اطاعت نہیں کرتے ۔
سورۃ المائدہ میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : اور چاہیے کہ انجیل والے حکم کریں اس پر جو اللہ نے اس میں اتارا اور جو اللہ کے اتارے پر حکم نہ کریں تو وہی لوگ فاسق ہیں ۔( آیت :۷۴)۔
سورۃ المائدہ ہی کی آیت نمبر ۱۸ میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : اور اگر وہ ایمان لاتے اللہ اور ان نبی پر اور اس پر جو ان کی طرف اترا تو کافروں سے دوستی نہ کرتے مگر ان میں بہتیرے فاسق ہیں ۔ سورۃ التوبہ میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : تمہارے آگے قسمیں کھاتے ہیں کہ تم ان سے راضی ہو جاؤ تو اگر تم ان سے راضی ہو جاؤ تو بیشک اللہ تو فاسق لوگوں سے راضی نہ ہو گا ۔ ( آیت : ۶۹)۔
یعنی جو کافر لوگ ہیں وہ مسلمانوں کی رضا حاصل کرنے اور نفع حاصل کرنے کے لیے قسمیں کھاتے ہیں لیکن اللہ تعالی ان کے کفر و نفاق کو جانتا ہے وہ ان سے کبھی راضی نہ ہو گا ۔ جھوٹی قسمیں کھانا منافقین کا کام ہے اور جو لوگ جھوٹی قسمیں کھاتے ہیں وہ لوگ فاسق ہیں ۔*

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں