پیر، 24 اگست، 2026

ولادت مصطفی ﷺ کی بشارتیں (۲)

 

ولادت مصطفی ﷺ کی بشارتیں (۲)

حضور نبی کریم ﷺ کی آمد کی بشارت سابقہ آسمانی کتب تورات اور انجیل میں بھی موجود تھی ۔ اسی لیے دونوں جہانوں کی کامیابی کا تاج صرف ان لوگوں پر سجے گا جو حضور نبی کریم ﷺ پر ایمان لائیں گے ، آپﷺ کی تعظیم و توقیر کریں گے اور اس نور کی پیروی کریں گے جو حضور نبی کریم  ﷺ کے ساتھ نازل ہوگا ۔
سابقہ آسمانی کتب کا ذکر کرتے ہوئے اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے :” جو پیروی کرتے ہیں اس رسول کی جو نبی امی ہے جس کو وہ پاتے ہیں لکھا ہوا  اپنے پاس تورات اور انجیل میں۔ وہ نبی حکم دیتا ہے انہیں نیکی کا اور روکتا ہے برائی سے اور حلال کرتا ہے ان کے لیے پاک چیزیں اور حرام کرتا  ہے اس پر ناپاک چیزیں اور اتارتا ہے ان سے ان کا بوجھ اور وہ زنجیریں جو جکڑی ہوئی تھیں انہیں۔ پس جو لوگ ایمان لائے اس نبی پر اور تعظیم کی آپ کی اور امداد کی آپ کی اور پیروی کی اس نور کی جو اتارا گیا آپ کے ساتھ وہی کامیاب و کامران ہیں “۔ ( سورۃ الا عراف )۔ 
حضرت عیسی علیہ السلام نے بھی اپنی قوم سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد فرمایا :ارشاد باری تعالی ہے ” اور یاد کرو جب فرمایا عیسی فرزند مریم نے  اے بنی اسرائیل ! میں تمہاری طرف اللہ کا بھیجا ہوا رسول ہوں میں تصدیق کرنے والا ہوں تورات کی جو مجھ سے پہلے آئی اور خوشخبری دینے والا ہوں ایک رسول کی جو تشریف لائے گا میرے بعد اس کا نام احمد ہو گا پس جب وہ آیا ان کے پاس روشن نشانیاں لے کر تو انہوں نے کہا یہ تو کھلا  جادوہے “۔ ( سورۃ الصف )۔
حضور نبی کریم ﷺ کی ولادت با سعادت سے پہلے جب یہود کی کفار اور مشرکین کے ساتھ جنگ ہوتی تو جب یہود کو ہار کے آثار نظرآتے تو اللہ  تعالی سے دعا کرتے اور کہتے ’ اے اللہ ! ہم تجھ سے تیرے اس نبی کا واسطہ دے کرعرض کرتے ہیں جس کی بعثت کا تو نے ہم سے وعدہ کیا ہے آج  ہمیں  اپنے دشمنوں پر فتح عطا کر تو حضور نبی کریم ﷺکے صدقے اللہ انہیں فتح عطا کرتا “۔ (روح المعانی )۔
ارشاد باری تعالی ہے :” اور وہ اس سے پہلے فتح مانگتے تھے کافروں پر تو جب تشریف فرما ہوا وہ نبی ان کے پاس جسے وہ جانتے تھے تو انکار کر دیا  اس کے ماننے سے۔ سو پھٹکار ہو اللہ کی دانستہ کفر کرنے والوں پر “۔ ( سورۃ البقرۃ )۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا ، حضرت عیسی علیہ السلام کی بشارت اور سابقہ آسمانی کتابوں اور صحائف میں موجود نبی کریم ﷺ کے اوصاف  حمیدہ اس حقیقت کی طرف رہنمائی کرتے ہیں کہ حضور نبی رحمت ﷺکی آمد اللہ تعالی کی ایک عظیم منصوبہِ ہدایت کا حصہ تھی ۔ آپ ﷺ تشریف
لائے تو شرک کی تاریکیاں چھٹ گئیں ، انسانیت کو قرآن ملا ، اخلاق کو بلندی نصیب ہوئی اور قیامت تک کے لیے ہدایت کا راستہ روشن ہو گیا ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ولادت مصطفی ﷺ کی بشارتیں (۲)

  ولادت مصطفی ﷺ کی بشارتیں (۲) حضور نبی کریم ﷺ کی آمد کی بشارت سابقہ آسمانی کتب تورات اور انجیل میں بھی موجود تھی ۔ اسی لیے دونوں جہانوں ک...