فقر کی فضیلت (۲)
مشکوۃ و ترمذی شریف کی روایت ہے کہ نبی رحمت ﷺ نے فرمایا اللہ تعالی کے نزدیک ملائکہ مقربین ، سات آسمانوں ، سات زمینوں ، کل پہاڑوں اور جو کچھ ان میں ہے ان سب سے فقراءموحدین کی حرمت بہت بڑی ہے ۔ ایک روایت میں ہے کہ فقراءکی فضیلت تو نگروں پر ایسی ہے جیسی میری فضیلت کل مخلوق پر ۔ (دیلمی فی الفردوس )۔ طبرانی شریف اور ابو نعیم کی روایت ہے کہ نبی رحمت ﷺ نے فرمایا اللہ تعالی کے نزدیک صبر کرنے والا فقیر سب بندوں سے محبوب تر ہے ۔ حضور ﷺ نے فرمایا اس امت کے بہترین لوگ فقراءہیں ۔( بخاری )۔ ترمذی شریف میں روایت ہے نبی رحمت ﷺ نے فرمایا اللہ تعالی کے ہم نشین صابر فقراءہیں ۔ ترمذی ہی میں مروی ہے حضور ﷺ نے فرمایا، فقراءسے محبت کرنا انبیاءکا طریقہ ہے اور ان سے عداوت رکھنا فرعونی خصلت ہے ۔
ترمذی شریف میں ہے کہ حضورنبی کریم ﷺ نے فرمایا حضرت موسی علیہ السلام نے اللہ تعالی سے عرض کی :اے میرے پروردگار تیری مخلوق میں سے کون سے لوگ تیرے دوست ہیں تاکہ میں بھی ان کو تیری رضا کے لیے دوست رکھوں ، جواب ملا کہ ہر فقیر میرا دوست ہے ۔
یہاں فقیر سے مراد کوئی مانگنے والا گدا گر نہیں بلکہ فقیر سے مراد اللہ تعالی کی یاد میں مگن رہنے اور شریعت مطہرہ پر عمل پیرا ہونے والا ہے ۔ نبی رحمت ﷺ نے ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے ارشاد فرمایا : فقراءکی محبت جنت کی کنجی ہے ۔ ( دیلمی فی الفردوس )۔
حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا جو جس کو دوست رکھتا ہے وہ اسی کے ساتھ ہو گا ۔ اس لیے اللہ تعالی سے صدق دل سے محبت رکھنے اور ان کا ذکر خیر کرنے والے بغیر محنت و مشقت مراتب عالیہ حاصل کریں گے ۔ جامع الصغیر میں ہے کہ نیک ہستیوں یعنی اولیا ءاللہ کے تذکرے کے وقت اللہ تعالی کی رحمت نازل ہوتی ہے ۔اسی طرح جامع الصغیر میں ہی ہے کہ اولیاءاللہ کا ذکر خیر دلوں کے لیے حکمت کا بیش بہا خزانہ ہے اور نمایاں گناہوں کا کفارہ ہے ۔
مختصراًٍ یہ کہ فقر ایک عظیم روحانی سرمایہ ہے جو انسان کو دنیا کی غلامی سے آزاد کر کے اللہ تعالی کی بندگی کا حقیقی لطف عطا کرتا ہے ۔ جب فقر کے
ساتھ صبر ، شکر ، قناعت اور توکل جمع ہو جائیں تو انسان کا کردار ایمان کی مضبوطی ، اخلاق کی پاکیزگی اور عمل کی اخلاص مندی کاآئینہ بن جاتا ہے ۔ اسلام ہمیں غربت کی تمنا نہیں بلکہ فقر کی اس روح کو اپنانے کی تعلیم دیتا ہے جو دل کو اللہ تعالی سے وابستہ اور دنیا کی حرص سے بے نیاز کر دے ۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں