بدھ، 1 جولائی، 2026

صبر:مومن کی طاقت(۱)

 

صبر:مومن کی طاقت(۱)

انسانی زندگی آزمائشوں، مشکلات ، خوشیوں اور غموں کا مجموعہ ہے ۔کبھی حالات موافق ہوتے ہیں تو کبھی نا موافق۔ کبھی کامیابی قدم چومتی ہے تو کبھی ناکامی دروازے پر دستک دیتی ہے ۔ ایسے میں جو صفت انسان کو ثابت قدم رکھتی ہے، اسے مایوسی سے بچاتی ہے اور اللہ تعالی کی رضا کے قریب کرتی ہے وہ صبر ہے ۔ صبر محض تکالیف برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ اللہ تعالی کے فیصلوں پر راضی رہتے ہوئے حق پر قائم رہنے اور نفس کی خواہشات کو قابو میں رکھنے کا نام ہے ۔  صبر کی مختلف اقسام ہیں ۔پہلی قسم اطاعت الہی پرصبر ہے یعنی انسان نماز ، روزہ ، زکوۃ اور دیگر عبادات پر ثابت قدم رہے چاہے اسے  قمشقت  ہی کیوں نہ اٹھانی پڑے ۔ دوسری قسم گناہوں سے بچنے پر صبر ہے کیونکہ نفس اور شیطان انسان کو برائی کی طرف بلاتے ہیں لیکن  مومن صبر کے ذریعے اپنے آپ کو گناہوں سے محفوظ رکھتا ہے ۔تیسری قسم مصائب و آلام پر صبر کرنا ہے ۔ جب انسان بیماری ، غربت ،نقصان یا کسی آزمائش کا سامنا کرے تو اللہ تعالی سے شکوہ کرنے کی بجائے صبر کرتے ہوئے کہے کہ اے اللہ تو جس حال میں بھی رکھےمیں تیری رضا پر راضی ہوں ۔ صبر اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی رضا ، حصول جنت ، کامیاب زندگی اور دنیا و آخرت میں فلاح و کامرانی کا ذریعہ ہے ۔  اللہ تعالی نے ایمان والوں کو صبر اور نماز کے ساتھ مدد مانگنے کا حکم فرمایا ہے :’’ اے ایمان والو صبر اور نماز سے مدد چاہو بیشک اللہ صابروں کے ساتھ ہے ‘‘۔ ( سورۃا لبقرہ )۔
آزمائشوں اور تکالیف میں صبر کرنے والوں کے لیے اللہ تعالی کی طرف سے بشارت ہے ۔ ’’اور ہم ضرور تمہیں آزمائیں گے کچھ ڈر اور بھوک سے اور کچھ مالوں اورجانوں اور پھلوں کی کمی سے اور خوشخبری سنا ان صبر والوں کو‘‘۔(سورۃا لبقرۃ )۔
اللہ تعالی کی معیت اور رحمت حاصل کرنے کے لیے صبر بہترین ذریعہ ہے : ’’اور صبر کرو بیشک اللہ صبر والوں کے ساتھ ہے ‘‘۔(انفال)۔
جو بندہ مصیبت پر صبر کرتا ہے اور نعمت ملنے پر اللہ تعالی کا شکر بجا لاتا ہے اس کے لیے اللہ تعالی کی طرف سے بخشش اور ثواب ہے ۔ 
’’مگر جنہوں نے صبر کیا اور اچھے کام کیے ان کے لیے بخشش اور بڑاثواب ہے ‘‘۔ ( سورۃ ھود )۔
مصائب اور تکالیف پر صبر کرنے والے اللہ تعالی کے محبوب بندے بن جاتے ہیں ۔ ’’اور صبر والے اللہ کو محبوب  ہیں ‘‘۔ ( اٰل عمران )۔ 
اللہ تعالی کی رضا کی خاطر صبر کرنے والوں کو اللہ تعالی ان کے صبر کے بدلے جنت عطا فرمائے گا ۔ ’’اور ان کے صبر پر انہیں جنت اور ریشمی کپڑے صلہ میں دے گا ‘‘۔ ( سورۃ الدھر )۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

صبر:مومن کی طاقت(۱)

  صبر:مومن کی طاقت(۱) انسانی زندگی آزمائشوں، مشکلات ، خوشیوں اور غموں کا مجموعہ ہے ۔کبھی حالات موافق ہوتے ہیں تو کبھی نا موافق۔ کبھی کامیاب...