اتوار، 14 جون، 2026

ذکر الٰہی کی فضیلت و فوائد (۳)

 

ذکر الٰہی کی فضیلت و فوائد (۳)

حضرت سہل بن معاذؓسے مروی ہے :کہ نبی کریمﷺ سے ایک شخص نے عرض کی یا رسول اللہﷺ کون سے مجاہد کو سب سے زیادہ اجر ملتاہے فرمایا جو کثرت سے اللہ کا ذکر کرے۔ اس نے پھر عرض کی کس روزے دار کو زیادہ اجر ملتا ہے آپﷺ نے فرمایا ذکر کرنے والے کو۔ 
پھر اس نے نماز، زکوۃ ، حج اور صدقہ کے بارے میں پوچھا تو آپ ﷺ نے ہر سوال کے جواب میں یہی فرمایا کہ ذکر کرنے والے۔ حضرت سیدنا صدیق اکبر ؓ نے حضرت عمر ؓ سے فرمایا اے ابو حفص بیشک ذکر کرنے والے ہی ساری خیر سمیٹ کے لے گئے۔ یہ سن کر نبی کریم ﷺنے فرمایا تم درست کہہ رہے ہو۔ ( المعجم الاوسط )۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں سخت اعمال تین طرح کے ہیں ایک اللہ تعالیٰ کی عبادت کے لیے وقت نکالنا ، دوم ہر وقت اللہ تعالیٰ کے ذکر میں مشغول رہنا اور سوم یہ کہ اپنے بھائی کی مالی مدد کرنا۔ ( حلیۃ الائولیا )۔
حضرت عبد اللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں اللہ تعالیٰ کا ذکر کثرت سے کرو اور یہ کوشش کرو کہ صرف اسی کی صحبت میں بیٹھو جو اللہ تعالیٰ کے ذکر میں تمہاری مدد کرے۔ ( شعب الایمان )۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں آسمان والے زمین پر ذکر کرنے والوں کے گھروں کویوں دیکھتے ہیں کہ وہ ستاروں کی طرح چمک رہے ہیں جیسے زمین سے آسمان پر ستارے نظر آتے ہیں ویسے آسمان سے زمین پر ذکر کرنے والو ں کے گھر جگمگاتے ہیں۔ (مصنف ابی شیبہ)۔
حضرت سیدنا عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر سوائے ذکر کے جو فریضہ بھی فرض کیا ہے اس کی کوئی حد مقرر فرمائی ہے اور عذر میں گنجائش بھی عطا فرمائی ہے۔ مگر ذکر ایک ایسی عبادت ہے جس کی اللہ تعالیٰ نے کوئی حد مقرر نہیں فرمائی کہ جس پہ یہ ختم ہو جائے اور نہ ہی اس کو چھوڑنے کا کوئی عذر عطا کیا ہے سوائے اس کے کہ جس کی عقل پہ پردہ پڑ جائے۔( تفسیر طبری )۔
شیخ ذوالنون مصری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں دنیا کی پاکیزگی ذکر الٰہی سے حاصل ہوتی ہے ، آخرت کی پاکیزگی اللہ تعالیٰ کی طرف سے عفو در گزرکے ساتھ حاصل ہوتی ہے اور جنت کی طہارت و پاکیزگی اللہ تعالیٰ کی رویت کے ساتھ حاصل ہو گی۔ ( جامع العلوم والحکم)۔
امام ابو القاسم قشیری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں ذکر اللہ تعالیٰ کی راہ کا ایک قوی ستون ہے بلکہ وہ اس راستے کی اصل ہے اور کوئی بھی ذکر میں دوام کے بغیر اللہ کی بارگاہ تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا۔( رسالہ قشیریہ )۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ذکر الٰہی کی فضیلت و فوائد (۳)

  ذکر الٰہی کی فضیلت و فوائد (۳) حضرت سہل بن معاذؓسے مروی ہے :کہ نبی کریمﷺ سے ایک شخص نے عرض کی یا رسول اللہﷺ کون سے مجاہد کو سب سے زیادہ اج...