جمعہ، 30 اکتوبر، 2026

نفاق اور اس کی علامات (۲)

 

نفاق اور اس کی علامات (۲)

سورۃالبقرہ کی آیت نمبر 11اور 12 میں منافقین کی نشانی یہ بتائی ہے کہ یہ لوگ زمین میں فساد پھیلاتے ہیں اور کہتے ہیں ہمارا مقصدتو صرف اصلاح کرنا ہے ۔لیکن اللہ تعالی مومنین سے فرماتا ہے یہی لوگ فساد پھیلانے والے ہیں اور انہیں اس بات کو شعور ہی نہیں ۔ارشاد باری تعالی ہے :’’ اور جب ان سے کہا جائے زمین میں فساد نہ کرو تو کہتے ہیں ہم تو سنوارنے والے ہیں ۔ وہی فسادی ہیں مگر انہیں شعور نہیں‘‘۔منافق کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ وہ خود کو سمجھدار اور دوسروں کو احمق سمجھتا ہے لیکن اللہ تعالی فرماتا ہے کہ حقیقت میں یہی احمق ہیں ۔ اور انہیں اس بات کا علم نہیں ۔ارشاد باری تعالی ہے :’’اور جب ان سے کہا جائے ایمان لائو جیسے اور لوگ ایمان لائے ہیں تو کہیں کیا ہم احمقو ں کی طرح ایمان لائیں ؟ وہی احمق ہیں مگر جانتے نہیں‘‘۔ (البقرہ :آیت ۱۳)
سورۃ البقرہ میں ہی اللہ تعالی فرماتا ہے :اور جب ایمان والوں سے ملیں تو کہیں ہم ایمان لائے اور جب اپنے شیطانوں کے پاس اکیلے ہوں تو کہیں ہم تمہارے ساتھ ہیں ہم تو یونہی ہنسی مذاق کرتے ہیں ۔اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالی نے منافقین کی نشانی بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ جب یہ مسلمانوں سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں ہم تو مسلمان ہیں لیکن جب دوسرے گروہوں سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں ہم تو مذاق کر رہے تھے ہم تمہارے ساتھ ہیں ۔ اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالی نے خبر دارکیا ہے کہ وہ منافقین کے فریب سے ہوشیار رہیں  اور ان کو راز کی باتیں نہ بتائیں ۔جیسا کہ سورۃ اٰل عمران میں اللہ تعالی ارشادفرماتا ہے :اے ایمان والو غیروں کو راز نہ بتائو وہ تمہاری برائی میں کمی نہیں کریں گے ۔وہ چاہتے ہیں کہ تم مشقت میں پڑ جائو ۔ بیشک ان کا بغض منہ سے ظاہر ہو چکا ہے اور جو ان کے دلوں میں چھپا ہوا ہے وہ اس سے بھی بڑھ کر ہے ۔ بیشک ہم نے تمہارے لیے آیتیں کھول کر بیان کر دیں اگر تم شعور رکھتے ہو ۔خبر دار یہ تم ہی ہو جو انہیں چاہتے ہو اور وہ تمہیں نہیں چاہتے حالانکہ تم تمام کتابوں پر ایمان رکھتے ہو اور جب وہ تمہیں ملتے ہیں تو کہتے ہیں ہم ایمان لا چکے ہیں اور جب تنہائی میں ہوتے ہیں تو غصے میں انگلیاں چباتے ہیں ۔ اے محبوب (ﷺ) تم فرمادو غصے میں مر جائو بیشک اللہ دلوں کی بات خوب جانتا ہے ۔اگر تمہیں بھلائی پہنچے تو انہیں بُرا لگتا ہے اور اگر تمہیں کوئی بُرائی پہنچے تو یہ خوش ہوتے ہیں اور اگر تم صبر کرو اور تقوی اختیار کرو تو ان کا مکرو فریب تمہارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

نفاق اور اس کی علامات (۲)

  نفاق اور اس کی علامات (۲) سورۃالبقرہ کی آیت نمبر 11اور 12 میں منافقین کی نشانی یہ بتائی ہے کہ یہ لوگ زمین میں فساد پھیلاتے ہیں اور کہتے ہ...