بدھ، 6 مئی، 2026

عدل و انصاف کی عملی مثالیں(۲)

 

عدل و انصاف کی عملی مثالیں(۲)

حضور نبی کریم ﷺ کے دور میں ایک یہودی اور منافق کے درمیان کسی بات پر تنازعہ ہو گیا ۔یہودی حق پر تھا اس نے منافق کو نبی کریم ﷺ کے پاس فیصلہ کرانے کے لیے کہا کیونکہ یہودی جانتا تھا کہ نبی کریم ﷺ عدل و انصاف فرمانے والے ہیں ۔ منافق کا دل صاف نہیں تھا اس لیے اس نے کہا کہ یہودی کے عالم کعب بن اشرف کے پاس چلتے ہیں ۔لیکن یہودی نے کہا کہ میں نبی کریم ﷺ کے سوا کسی کا بھی فیصلہ قبول نہیں کروں گا ۔پھر وہ دونوں نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوئے تو نبی کریم ﷺ نے یہودی کے حق میں فیصلہ فرمایا ۔(تفسیر قرطبی)۔
اسی طرح ایک مرتبہ ایک معزز قبیلے کی عورت چوری کی وجہ سے پکڑی گئی ۔بعض لوگوں نے نبی کریم ﷺ سے اس کو معاف کرنے کی التجا کی تا کہ ہمارے قبیلے کی بدنامی نہ ہو ۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا تم سے پہلی قومیں اس لیے تباہ ہو گئیں کہ اگر کوئی کمزور جرم کرتا تو اسے سزا دی جاتی اور اگر کوئی طاقتور جرم کرتا اسے چھوڑ دیا جاتا ۔آپ ﷺ نے فرمایا خدا کی قسم اس کی جگہ فاطمہ بنت محمد ﷺ بھی ہوتیں تو میں اس کا بھی ہاتھ  کاٹ دیتا ۔
سیرت ابن ہشام میں ہے کہ غزوہ بدر کے موقع پر نبی کریم ﷺ صفوں کا درست فرما رہے تھے اور آپ ﷺ کے ہاتھ میں ایک تیرتھا جس کے ساتھ آپ ﷺ لوگوں کی صفیں درست کر رہے تھے ۔ حضرت سواد بن غزیہ ﷺ کے پاس سے گزرے جو صف سے باہر تھے۔ آپ ﷺ نے ان کے پیٹ پر ہلکی سی چوٹ لگائی اور فرمایا اے سواد سیدھے ہو جاؤ۔ سواد نے عرض کی آپ ﷺ نے مجھے تکلیف پہنچائی ہے اللہ تعالی نے آپ کو حق و عدل کے ساتھ بھیجا ہے ۔ مجھے اس چوٹ کا بدلہ چاہیے ۔آپ ﷺ نے اپنے جسم اطہر سے کپڑ اہٹایا ۔ سواد نے نبی کریم ﷺ کو گلے لگایا اور بطن مبارک کو چوم لیا ۔
آپ ﷺ ے سواد سے پوچھا تمہیں کس چیز نے ایسا کرنے پر مجبور کیا ؟ انہوں نے عرض کی یا رسول اللہ ﷺ جو صورت حال اسوقت درپیش ہے وہ آپ ﷺ کے سامنے ہے ہو سکتا ہے میں اس جنگ میں شہید ہوجاؤں ۔میری خواہش تھی کہ دنیا سے جاتے وقت میرا جسم آپ ﷺ کے جسم اطہر سے مس ہو جائے ۔نبی کریم ﷺ نے آپ ؓ کو دعائے خیر سے نوازا ۔ 
حضور نبی رحمت ﷺ کی سیرت سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ہر صورت انصاف قائم رہنا چاہیے ۔ آپﷺ نے رنگ و نسل ، مذہب اور حیثیت سے بالاتر ہو کر انصاف کا ایسا معیار قائم کیا جو قیامت تک ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

عدل و انصاف کی عملی مثالیں(۲)

  عدل و انصاف کی عملی مثالیں(۲) حضور نبی کریم ﷺ کے دور میں ایک یہودی اور منافق کے درمیان کسی بات پر تنازعہ ہو گیا ۔یہودی حق پر تھا اس نے منا...