اتوار، 31 مئی، 2026

عید الاضحی اور قربانی(۱)

 

عید الاضحی اور قربانی(۱)

عید الاضحی مسلمانوں کے عظیم ترین مذہبی تہواروں میں سے ایک ہے یہ صرف خوشی و مسرت کا دن نہیں بلکہ ایثار ، قربانی ، اطاعت الٰہی اور انسانیت کی خدمت کا عظیم پیغام بھی اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ یہ دن ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال قربانی کی یاد دلاتا ہے۔جب ایک باپ نے اللہ تعالیٰ کے حکم پر اپنے لخت جگر کو قربان کرنے کا ارادہ کیا اور ایک بیٹے نے اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے سر تسلیم خم کر دیا۔اللہ تعالیٰ نے اس عظیم جذبہ اطاعت کو قبول فرمایااور رہتی دنیا تک اسے مسلمانوں کے لیے سنت اور شعار بنا دیا۔ 
حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کے حضور عرض کی : الٰہی مجھے لائق اولاد دے۔ تو اللہ تعالیٰ نے آپ کی دعا کو قبول فرمایا اور فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام عطا فرمایا۔ بڑھاپے میں اولاد کا ملنا بہت بڑی نعمت ہے۔لیکن جب حضرت اسماعیل ؑ جوانی کو پہنچے اور اپنے باپ کا سہارا بنے تو اللہ تعالیٰ نے حضرت اسماعیل ؑ کو ذبح کرنے کا حکم فرمایا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’پھر جب وہ اس کے ساتھ کام کے قابل ہو گیا کہا اے میرے بیٹے میں نے خواب میں دیکھا کہ میں تجھے ذبح کرتا ہوں اب تو دیکھ تیری کیارائے ہے‘‘۔ (الصفٰت )۔
قربان جائیں حضرت اسماعیل کے جواب پر آپ ؑنے اللہ تعالیٰ کی رضا پر قربان ہونے کا کمال شوق سے اظہار کرتے ہوئے فرمایا :
" اے میرے باپ کیجیے جس بات کا آپ کو حکم ہوتا ہے خدا نے چاہا تو قریب ہے کہ آپ مجھے صابر پائیں گے "۔ ( الصفٰت)۔
جب حضرت ابراہیم علیہ السلام نے خواب کو سچ کر دکھایا تو اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا : ’’اور جب ان دونوں نے ہمارے حکم پر گردن رکھی اور باپ نے بیٹے کو ماتھے کے بل لٹایا اور ہم نے اسے ندا فرمائی کہ اے ابراہیم۔بیشک تو نے خواب سچ کر دکھائی ہم ایسا ہی صلہ دیتے ہیں نیکوں کو۔بیشک یہ روشن جانچ تھی۔اور ہم نے ایک بڑا ذبیحہ اس کے صدقہ میں دے کر اسے بچا لیا۔ اور ہم نے پچھلوں میں بھی اس کی تعریف باقی رکھی۔ سلام ہو ابراہیم پر۔ ہم ایسا ہی صلہ دیتے ہیں نیکو ں کو۔بیشک وہ ہمارے اعلی درجہ کے کامل ایمان والے بندوں میں ہیں ‘‘۔ (الصفٰت)۔
اس موقع پر شیطان نے حضرت ہاجرہ ؑ، حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کے دلوں میں وسوسے ڈالنے کی کوشش کی تاکہ آپ  اللہ تعالیٰ کاحکم پورا نہ کر سکیں لیکن آپ نے شیطان کو کنکریاں مار کر بھگا دیا اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش میں کامیاب ہوئے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

عید الاضحی اور قربانی(۱)

  عید الاضحی اور قربانی(۱) عید الاضحی مسلمانوں کے عظیم ترین مذہبی تہواروں میں سے ایک ہے یہ صرف خوشی و مسرت کا دن نہیں بلکہ ایثار ، قربانی ، ...