اتوار، 13 جولائی، 2025

سیدنا امام زین العابدین رضی اللہ عنہ(2)

 

 سیدنا امام زین العابدین رضی اللہ عنہ(2)

آپؓ کے اوصاف آپؓ کو رسول خدا ﷺ کے اوصاف سے عطا ہو ئے ہیں۔ آپؓ کا ضمیر اور عادات و خصائل سب پاک ہیں ‘‘۔ 
’’ آپؓ کے دست کرم کی موسلا دھار بارش کا فیض عام ہے ، وہ ہمیشہ بخشش و عطا میں مصروف رہتے ہیں اور مال کا نہ ہو نا ان کو کبھی اس بخشش سے خالی نہیں کرتا ‘‘۔ مخلوق پر آپ کے احسان عام ہیں اور آپ کی وجہ سے مخلوق نے گمراہی ، تنگدستی اور ظلم سے نجات پائی۔ کوئی شخص سخاوت و بخشش میں آپؓ کے مرتبے کو نہیں پہنچ سکتا اور نہ ہی کوئی قوم اس بارے میں ان کی ہمسری کر سکتی ہے چاہے اس کے افراد کتنے ہی صاحب بخشش کیوں نہ ہوں ‘‘۔ 
’’وہ قحط سالی کے دوران باران رحمت ہیں اور خوف و مصیبت کے وقت جنگل کے شیر ہیں ‘‘۔ یہ وہ گھرانہ ہے جس کی محبت دین اور جس سے عداوت کفر ہے اور ان کا قرب امن و نجات کی پناہ گاہ ہے ‘‘۔ ’’اگر متقی لوگوں کا ذکر آئے تو یہ ان کے امام ہیں اور اگر پوچھا جائے کہ روئے زمین پر سب سے افضل کون ہیں ؟ تو اس کے جواب میں ان ہی کی طرف اشارہ ہوتا ہے ‘‘۔
فرزوق نے حضرت امام زین العابدین ؓ اور آپؓ کے خاندان کی شان و عظمت میں جب یہ قصیدہ پڑھا تو ہشام کو بالکل بھی اچھانہ لگا اور وہ بھڑک اٹھا۔ اس نے فرزدق کو قید کر دیا۔ 
حضرت سیدنا اما م زین العابدین رضی اللہ تعالیٰ عنہ بہت زیادہ سخی تھے۔آپ نے اپنی زندگی میں دو مرتبہ اپنا سارا مال اللہ تعالیٰ کی راہ میں خیرات کیااور آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سخاوت کا یہ عالم تھا کہ اہل مدینہ میں بہت سے غرباء کے گھروں میں ایسے پوشیدہ طریقوں سے رقم بھیجا کرتے تھے کہ کسی کو پتہ ہی نہیں ہوتا تھا کہ یہ رقم یا خیرات کہاں سے آ رہی ہے۔ ( سیر اعلام النبلاء )
امام زین العابدین رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرمایا کرتے تھے اے خدا میں اس سے تمہاری پناہ مانگتا ہوں کہ لوگوں کی نظر میں میرا ظاہر اچھا ہو جائے اور میرا باطن بگڑ جائے۔
امام زین العابدین ؓ کی زندگی عبادت ، صبر ، حلم ، علم ، عرفان ، اور انسانیت سے محبت کا عظیم ترین نمونہ ہے۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کر بلا کے بعد جس صبر ، حکمت اور روحانیت سے امت کی رہنمائی کی وہ ایک ایسی روشنی ہے جو رہتی دنیا تک قائم رہے گی۔ آپ کا کردار ، نوجوانوں ، علماء، عابدوں اور ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے فرد کے لیے مشعل راہ ہے۔
آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یزید کے دربار میں دیا گیا خطبہ شجاعت و بہادری ، علم اور بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آپ نے نہ صرف ظلم کے ایوانوں میں صدائے حق بلند کی بلکہ سب کو یہ بتایا کہ دین کا حقیقی سر چشمہ اہل بیتِ اطہارہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سیدنا امام زین العابدین رضی اللہ عنہ(2)

   سیدنا امام زین العابدین رضی اللہ عنہ(2) آپؓ کے اوصاف آپؓ کو رسول خدا ﷺ کے اوصاف سے عطا ہو ئے ہیں۔ آپؓ کا ضمیر اور عادات و خصائل سب پاک...