بدھ، 16 اپریل، 2025

علمی مجالس کی اہمیت و فضیلت(۲)

 

 علمی مجالس کی اہمیت و فضیلت(۲)

نبی کریمﷺ نے علمی مجالس کو جنت کے باغات قرار دیا۔ حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشادفرمایا : جب تمہارا جنت کے باغات کے پاس سے گزر ہو تو اس میں بیٹھ کر فراخی کے ساتھ کھایا پیا کرو۔صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے عرض کی یا رسول اللہؐ جنت کے باغات سے کیا مراد ہے ؟ نبی کریم ﷺنے فرمایا علم کی مجالس۔ ( المعجم الکبیر )۔
نبی کریم ﷺ نے ایسی مجالس کو جن میں دین کا علم سکھایا جا رہا ہواورجس میں قرآن و حدیث کی باتیں ہو رہی ہوں ذکر والی مجلس سے افضل قرا ر دیا ہے۔
ایک دن نبی کریمؐ اپنے حجرہ مبارک سے باہر تشریف لائے اور مسجد میں داخل ہوئے۔مسجد میں دو مجالس منعقد تھیں۔ ایک مجلس میں تلاوت قرآن مجید اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی جارہی تھی اور دوسری مجلس میں تعلیم و تدریس کا سلسلہ جاری تھا۔ نبی کریم ﷺنے ارشاد فرمایا کہ دونوں مجالس بھلائی والی ہیں ایک میں تلاوت قران پاک اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی جارہی ہے اور دوسری میں تعلیم و تدریس کا سلسلہ جاری ہے اور فرمایا میں بھی معلم بنا کر بھیجا گیا ہوں یہ فرما کر نبی کریمؐ  تعلیم و تعلم والی مجلس میں بیٹھ گئے۔ (ابن ماجہ )۔
علمی مجالس اور اہل علم کے پاس بیٹھنے کی اہمیت کسی قدر زیادہ ہے اس بات کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ حضرت لقمان علیہ السلام نے اپنے بیٹے کو نصیحت کی اے میرے بیٹے علماء کی مجالس میں بیٹھنا ، حکماء کی گفتگو غور سے سننا کیونکہ اللہ تعالیٰ مردہ دل کو حکمت کے نور سے زندہ کرتا ہے جس طرح کہ وہ مردہ زمین کو بارش برسا کر زندہ کرتا ہے۔ (المعجم الکبیر ، موطا امام مالک )۔
علمی مجالس میں بیٹھنے کے بے شمار فوائد ہیں۔علم دین سے واقفیت کی وجہ سے ایمان مضبوط ہوتا ہے بندے کا تعلق اللہ تعالیٰ کے ساتھ مضبوط ہوتا ہے اور اس کی بندگی میں خشیت الٰہی پیدا ہوتی ہے۔ علم نافع انسان کو برے اخلاق اپنانے کی بجائے اچھے اخلاق کی طرف مائل کرتا ہے انسان اپنے اندرنرمی ، حلم اور برداشت جیسے اوصاف پیدا کرتا ہے۔ 
موجودہ دور میں جب ہر طرف فتنہ فساد پھیلا ہوا ہے۔سوشل میڈیا کے بے جا استعمال کی وجہ سے ہمارے اخلاق و کردار میں منفی تبدیلیاں رونماہو رہی ہیں۔ نوجوان طبقے کو ایسی علمی مجالس کی بے حدضرورت ہے۔جہاں انہیں عقل و فہم کے ساتھ ساتھ سیرت النبیؐ کو اپنی زندگیو ں میں اپنانیکا عملی نمونہ ملے۔ علمی مجالس اللہ تعالیٰ کی خاص رحمتوں کا مرکز ہیں۔ان مجالس میں شرکت کی وجہ سے انسان کی دنیا و آخرت سنور جاتی ہے اور انسان کے اندر علم دین سیکھنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اچھی مجالس میں بیٹھنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں بْری مجالس سے بچائے۔ آمین۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں