رحمت، مغفرت اور نجات کا مہینہ
اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ پر خاص فضل و کرم کیا ہے اور بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے جن میں اللہ تعالیٰ کی ایک بہت بڑی نعمت ماہ رمضان کا عطا کرنا بھی ہے۔ یہ وہ با برکت مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ اپنی رحمت ، مغفرت اور جہنم سے نجات کے دروازے کھول دیتا ہے۔ ہر مسلمان کے لیے اس ماہ مقدس میں سنہری موقع ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی رحمت ، مغفرت طلب کرے۔
ماہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت ہے۔حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : ماہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم سے آزادی کا ہے۔
اللہ تعالیٰ کی رحمت بے شمار ہے جس کی کوئی حد نہیں۔ اللہ تعالیٰ ماہ رمضان میں اپنی خاص نعمتوں کے دروازے کھول دیتا ہے اور نیکی کرنے کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔اللہ تعالیٰ کی طرف سے در گزر کرنے اور بخشش کی بارش ہوتی ہے۔ جو مسلمان اس ماہ مقدس میں روزہ رکھ کر عبادت ، توبہ ، استغفار اور نیک اعمال کرنے میں مصروف رہتے ہیں اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت کے مستحق ٹھہرتے ہیں۔رمضان المبارک کو مغفرت کا مہینہ بھی قرار دیا گیا ہے۔ ماہ رمضان کا دوسرا عشرہ مغفرت ہے۔حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص ایمان اور نیک نیتی کے ساتھ رمضان کے روزے رکھے اس کے پچھلے گناہ بخش دیے جاتے ہیں۔(بخاری و مسلم )
اس ماہ مقدس کی بابرکت ساعتوں سے مستفید ہوتے ہوئے ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کرے اوراس بات کا عہد کرے کہ آئندہ وہ گناہوں کے قریب نہیں جائے گا۔ حدیث شریف کا مفہوم ہے کہ نبی کریم ؐ نے فرمایا کہ جس نے ماہ رمضان کو پایا اور اپنی بخشش نہ کروا سکا اس پر اللہ تعالیٰ کی بھی لعنت اور نبی کریم ؐ کی بھی لعنت ہے جس پر جبرئیل امین نے آمین کہا تھا۔
ماہ رمضان کے آخری عشرہ کو جہنم سے آزادی کا عشرہ قرار دیا گیا ہے اللہ تعالیٰ اپنی رحمت ، فضل اور کرم سے بے شمار لوگوں کو اس ماہ مقدس میں جہنم سے آزادی عطا فرماتا ہے۔نبی کریم ﷺنے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ماہ مقدس کی ہر رات میں کئی لوگوں کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے۔(ترمذی)۔
ہزار مہینوں سے افضل رات لیلۃ القدر بھی ماہ مقدس کے آخری عشرہ میں ہے۔نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ماہ رمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں لیلۃ القدر کو تلاش کرو۔ یہ راتیں اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم کو حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ہر مسلمان کو چاہیے کہ اس ماہ مقدس کا جتنا ہو سکے ادب و احترام کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ عبادت کرے، توبہ و استغفار کرے اور نیک اعمال کر کے اپنی بخشش کا سامان جمع کرے۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس ماہ مقدس کی برکات سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں