ماہ رمضان المبارک میں قبولیت کے لمحات
ماہ رمضان المبارک برکتوں رحمتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے ۔ اس ماہ مقدس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر خاص فضل و کرم فرماتا ہے اور دعا کی قبولیت کے دروازے کھول دیتا ہے ۔ ماہ رمضان کی ہر ساعت ، ہر گھڑی ہی با برکت ہے لیکن کچھ لمحات ایسے ہیں جن میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی پکار کو خاص طور پر سنتا ہے ۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’اور اے محبوب جب تم سے میرے بندے میرے بارے میں پوچھیں تو میں نزدیک ہو ں دعا قبول کرتا ہوں پکارنے والے کی جب مجھے پکارے توانہیں چاہیے میرا حکم مانیں اور مجھ پر ایمان لائیں کہ کہیں راہ پائیں ‘‘۔( سورۃ البقرۃ )
اس آیت مبارکہ سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندے کی پکار کو سنتا ہے اور اس کی دعا کو قبول فرماتا ہے ۔ سحری کا وقت انتہائی با برکت وقت ہوتا ہے جب اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر خاص فضل و کرم فرماتا ہے ۔ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : ’’ اللہ تعالیٰ رات کے آخری تہائی حصے میں آسمان دنیا پر اپنی شا یان شان تشریف فرماہوتا ہے اور فرماتا ہے کہ ہے کوئی جو مجھ سے دعا مانگے میں اس کی دعا قبول کروںگا،ہے کوئی جو مجھ کچھ مانگے میں اسے عطا کروں گا اور پھر فرماتا ہے، ہے کوئی جومجھ سے مغفرت طلب کرے میں اسے بخش دوں ۔
افطاری کے وقت بھی دعا کی قبولیت کا ایک خاص موقع ہے ۔حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ تین لوگوں کی دعا کو رد نہیں فرماتا: اپنی اولاد کے حق میں کی گئی والد کی دعا ، افطار کے وقت کی جانے والی روزہ دار کی دعا اور مسافر کی دعا ۔یہ قبولیت کا خاص وقت ہوتا ہے ۔بندہ سارا دن اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے سارا دن بھوکا پیاسا رہنے کے بعد جب دعا کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ بھی اپنے بندے پر خاص فضل و کرم فرماتا ہے ۔
رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف بیٹھنے کی بہت زیادہ فضیلت ہے ۔ معتکف دنیا وی معاملات سے کٹ کر خالص اللہ تعالیٰ کی عبادت میں مصروف ہو جاتا ہے ۔ یہ ایک بہترین موقع ہوتا ہے جب بندہ خلوت میں اللہ تعالیٰ سے مناجات کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس پر اپنا خاص فضل و کرم فرماتے ہوئے اس کی دعا کو قبول فرماتا ہے ۔
شب قدر میں کی جانے والی دعا کو اللہ تعالیٰ اپنی رحمت سے شرف قبولیت عطا فرماتا ہے ۔یہ رات ہزار مہینوں سے افضل رات ہے ۔اس رات کو فرشتے نازل ہوتے ہیں ۔نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جو شخص اس رات کو عبادت میں گزارے اس کے پچھلے گناہ بخش دیے جاتے ہیں ۔ ماہ رمضان کا ہر لمحہ رحمت اور قبولیت کا لمحہ ہے ۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ان لمحات کو ضائع نہ کریں اور اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہ کی معافی مانگیں اور آئندہ نیک عمل کرنے کا عہد کریں ۔ یہ ماہ مقدس اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کا مہینہ ہے ۔جب ہم اس ماہ مقدس میں اللہ تعالیٰ کے سامنے گڑ گڑا کر اپنی مناجات پیش کریں گے تو اللہ تعالیٰ ضرور اپنا فضل و کرم فرمائے گا ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں