بدھ، 24 اپریل، 2024

تربیت اولاد اور عشق مصطفیﷺ

 

   تربیت اولاد اور عشق مصطفیﷺ

 والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کا تعلق سیرت مصطفی ﷺ کے ساتھ جوڑیں۔ تا کہ سیرت مبارکہ ان کے لیے مشعل راہ بنے اور ان کی منزل ان کے سامنے واضح ہواور ایک مقصد حیات بن جائے جس میں منازل حیات اور کٹھن راستوں کو طے کرنے کے لیے چلیں۔ اپنے بچوں کو بتائیں اور اس بات کا پابند کریں کہ ان کے تمام اعمال اور افعال سیرت مصطفیﷺ کا مظہر ہو۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ حضور نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ امت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ ارشاد باری تعالی ہے : ’’ تمہارے لیے اللہ کے رسول ﷺ کی زندگی بہترین نمونہ ہے‘‘۔
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : تمہارے لیے میرے اور میرے خلفاء راشدین کے طریقہ کو اپنانا لازم ہے۔ اس کو اپنی داڑھوں سے پکڑ لو۔ والدین کو چاہیے کہ اپنی اولا د کو بتائیں کہ حضور نبی کریم ﷺ تمام چنے ہوئوں میں سے برگزیدہ ہیں۔ آپ ﷺ تمام انبیاء میں سب سے پہلے نبی ہیں اورتمام رسولوں میں آخری رسول ہیں اور آپ ﷺ پر نبوت کا یہ سلسلہ ختم ہو گیا ہے یعنی آپ ﷺ خاتم النبین ہیں۔ انہیں یہ بھی بتائیں کہ بعثت سے پہلے سچے اور ایمان دار تھے اور بعثت کے بعد آپ ﷺ رحمۃ اللعالمین ہیں جو تمام جہانوں کو بطور ہدیہ عطا کی گئی۔ انہیں آپ ﷺ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا اور حضرت موسی اور حضرت عیسیٰ علیہ السلاۃ والسلام کی خوشخبریاں اور امام الانبیاء ہیں۔اللہ تعالیٰ نے عالم ارواح میں انبیاء سے عہد لیا کہ جب میرا محبوب دنیا میں آ جائے تو اس کی پیروی بھی کرنی ہے اور اس کی مدد بھی کرنی ہے۔ اپنے بچوں کو سکھائیں کہ حضور نبی کریم ﷺ مومنین کی جانوں سے بھی زیادہ ان کے قریب ہیں اور انہیں بتائیں کہ وہ اپنے والدین ، بہن بھائی ، مال وجان اور اولاد سے بڑھ کر آپﷺ سے محبت کریں۔ پھر ہی ایمان مکمل ہو گا۔اپنے بچوں کو بتائیں کہ آپ ﷺ کی جانب اللہ تعالیٰ کی طرف سے وحی کی جاتی تھی۔ آپ ﷺ ہر اس شخص کے لیے عمدہ نمونہ ہیں جو اللہ تعالیٰ اور روز قیامت پر یقین رکھتا ہے اور اللہ تعالیٰ کو کثرت سے یاد کرتا ہے۔ اپنے بچوں کو بتائیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپﷺ کی زندگی کی قسم کھائی ہے اور اپنے محبوب کے شہر کی قسم کھائی ہے۔ اس کے علاوہ اللہ تعالیٰ نے کسی بھی نبی کی زندگی کی قسم نہیں کھائی۔ 
والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کے دلوں میں عشق مصطفی ﷺ کا پودا لگائیں اور انہیں بتائیں کہ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا :جس نے مجھ سے محبت کی اس نے اللہ تعالیٰ سے محبت کی اور جس نے میری اطاعت کی حقیقت میں اس نے اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

توحید کیوں ضروری ہے؟