بدھ، 5 جولائی، 2023

فقر کی فضیلت


 

فقر کی فضیلت

ارشاد باری تعالی ہے : ’’اور دور نہ کرو انہیں جو اپنے رب کو پکارتے ہیں۔صبح و شام اس کی رضا چاہتے ہیں۔ آ پ پر ان کے حساب سے کچھ نہیں اوران پر آپ کے حساب سے کچھ نہیں۔ پھر آپ انہیں دور کریں تو یہ کام انصاف سے بعیدہے۔ اور اسی طرح ہم نے آزمائش میں ڈال دیا بعض کو بعض سے تا کہ وہ کہیں : کیا یہ ہیں وہ لوگ جن پر اللہ نے احسان کیا ہے۔ کیا اللہ نہیں جانتا ان سے زیادہ شکر کرنے والوں کو ‘‘۔حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان عالی شان ہے کہ اس امت کے سب سے بہتر لوگ فقراء ہیں اور سب سے پہلے جنت میں داخل ہونے والے کمزور لوگ ہیں۔فرمان نبویﷺ ہے : میری دو باتیں۔ جو انہیں پسند کرتا ہے وہ مجھے پسند کرتا ہے جو انہیں برا سمجھتا ہے ، وہ مجھے برا سمجھتا ہے۔ فقر اور جہاد۔
روایت ہے کہ حضرت جبرائیل علیہ السلام آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی ، اللہ تعالی آپ کو سلام فرماتا ہے اور فرماتا ہے اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم چاہیں تو پہاڑ سونے کے بنا دو ں جو آپ ﷺ کے ساتھ ساتھ رہیں۔ حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے چند لمحے خاموش رہنے کے بعد فرمایا کہ اے جبرائیل یہ دنیا تو اس کا گھر ہے جس کا آخرت میں کوئی گھر نہ ہو ، یہ اس کی دولت ہے جس کے پاس آخرت میں کوئی دولت نہ ہو اور اسے وہ ہی جمع کرتا ہے جس کے پاس عقل نہ ہو۔ جبرائیل علیہ السلام بو لے ، اے اللہ کے نبی ! اللہ تعالی آپ کو اسی حق و صداقت پر قائم رکھے۔

 حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : کہ میں نے جنت کو دیکھا اس میں اکثر فقراء تھے میں نے جہنم کو دیکھا اس میں اکثر مال دار اور عورتیں تھیں۔ ایک روایت میں ہے کہ میں نے پوچھا ، کہ مال دار کہاں ہیں ؟ تو مجھے بتایا گیا کہ انہیں مال داری نے گرفتار کر لیا ہے۔حضرت کعب الا حبار رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ اللہ تعالی نے موسی علیہ السلام سے فرمایا جب تم فقر کو آتے دیکھو تو کہنا ، خوش آمدید اے نیکیوں کے لباس۔ 

حضرت موسی علیہ السلام ایک ایسے شخص کے پا س سے گزرے جو اینٹ کا تکیہ بنائے کمبل میں لپٹا ہوا زمین پر سو رہا تھا اوراس کی داڑھی اور تمام چہرہ گرد آلود ہو رہا تھا۔ موسی علیہ السلام نے عرض کی اے اللہ تعالی ! تیرا یہ بندہ دنیا میں برباد ہو گیا ، اللہ تعالی نے موسی علیہ السلام کی طرف وحی کی اور فرمایا آپ کو پتہ نہیں جب میں کسی بندے پر اپنے کرم کے دروازے مکمل طور پر کھول دیتا ہو ں تو اس سے دنیا کی الفت ختم کر دیتا ہو ں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : فقر دنیا میں مومن کے لیے تحفہ ہے۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں