منگل، 4 جولائی، 2023

اخلاق و معاشرت(3)


 

  اخلاق و معاشرت(3)

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالی اس شخص پر رحم نہیں کرے گا جو اس کے بندے کے ساتھ رحم کا معاملہ نہیں کرتا اور فرمایا: زمین پر بسنے والی مخلوق پر رحم کرو آسمان کاخالق تم پر رحم کرے گا۔نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : 

مجھے قسم ہے اس کی جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے کوئی بندہ اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک جو وہ اپنے لیے پسند کرے وہی اپنے بھائی کے لیے بھی نہ چاہے۔

 آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : وہ مومن نہیں جو خود تو پیٹ بھرکر کھائے اور اس کے پہلو میں اس کا پڑوسی فاقہ سے رہے۔رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے بعض برے اخلاق سے متعلق فرمایا کہ یہ دوزخ میں لے جانے والے اور جنت سے محروم کرنے والے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جس کے دل میں ذرہ برابر بھی تکبر ہو گا وہ جنت میں نہیں جائے گا۔ 

فرمایا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے : کہ چغل خورجنت میں نہیں جائے گا۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : قیامت کے دن سب سے بْرے حال میں وہ دو رْخا آدمی ہو گا جو ایک گروہ سے ایک رْ خ اور دوسرے گروہ سے دوسرے رْخ پر ہے۔قرآن مجید میں اللہ تعالی ایک اخلاقی مرض کے متعلق فرماتا ہے : 

’’ اور جو بخل کرتے ہیں اس چیز میں جو اللہ نے انہیں اپنے فضل سے دی ہرگز اسے اپنے لیے اچھا نہ سمجھیں بلکہ وہ ان کے لیے برا ہے۔ عنقریب وہ جس میں بخل کیا قیامت کے دن اس کے گلے کا طوق ہو گا اور اللہ ہی وارث ہے آسمانوں اور زمین کا اور اللہ تمہارے کاموں سے با خبر ہے ‘‘۔

نیز فرمایا: جو بخل کرتا ہے وہ اپنے آپ سے ہی بخل کرتا ہے۔اس وقت معاشرے میں شعبہ عبادات کی اہمیت تو کسی حد تک محسوس کی جاتی ہے مگر اخلاق و معاشرت کی اصلاح و درستگی کا انتظام نہیں جتنا کہ ہو نا چاہیے۔ اور بعض ایسے جو یہ سمجھتے ہیں کہ نجات کے لیے صرف نماز روزہ ہی کافی ہے‘ رہی معاملات کی درستگی اور اخلاق کی اصلاح تو یہ کوئی ایسی اہم چیز نہیں۔ ایمان سے بڑھ کر اسلام میں کوئی چیز نہیں لیکن ایمان کی تکمیل اور ایمان کے آثار کا ظہور بھی اخلاق میں سے ہی ہوتا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ایمان والوں میں سے کامل وہ مومن ہیں جن کے اخلاق زیادہ اچھے ہیں۔اور فرمایا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے : قیامت کے دن مومن کی میزان اعمال میں سب سے زیادہ وزنی چیز جو رکھی جائے گی وہ اس کا حسن خلق ہو گا۔ اللہ کے بندوں میں اللہ کو سب سے زیادہ پیارا وہ ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہیں۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں