اتوار، 13 مارچ، 2022

حسن ِ عمل

 

حسن ِ عمل

٭ حضرت ابو طفیل بیان کرتے ہیں: میں نے دیکھا کہ رسول اللہ مقام جعر انہ میں گوشت تقسیم کر رہے تھے اور میں اس وقت نوجوان تھا اور اونٹ کی ہڈیاں اٹھا رہا تھا۔ اس اثنا میں ایک عورت آئی اور نبی کریم ﷺکے قریب ہوئی۔ آپ نے اس کیلئے اپنی چادر بچھا دی جس پر وہ بیٹھ گئی۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ لوگوں نے کہا: یہ آپکی وہ ماں ہے جس نے آپکو دودھ پلایا تھا۔ (ابو داؤد)٭حضور اکرم ﷺ کی رضاعی ماں یعنی حضرت حلیمہ سعدیہ جب تشریف لاتیں تو ہمارے پیارے نبی حضرت ﷺانکے احترام میں کھڑے ہو جاتے ، اپنی چادر بچھاتے اور اس پر اپنی رضاعی ماں کو بٹھاتے۔ایک رضاعی ماں جس نے صرف اپنا دودھ پلایا، اسلام میں اگر اس کا اتنا عظیم مقام ہے تو جو حقیقی ماں ہے اس کا مقام کتنا عظیم ہو گا؟ ٭ حضرت عبداللہ بن عمروبیان کرتے ہیں کہ ایک شخص نے نبی کریم ﷺ سے پوچھا : کیا میں جہاد کروں ؟آپ نے فرمایا: کیا تمہارے ماں باپ (زندہ) ہیں؟ اس نے کہا : جی ہاں ! آپ نے فرمایا: پھر تم انکی خدمت میں جہاد کرو ۔جب تک جہاد فرض عین نہ ہو جائے اس وقت تک والدین کی اجازت کے بغیر جہاد میں شریک ہونا جائز نہیں ہے۔٭ حضرت مالک بن ربیعہ بیان کرتے ہیں کہ بنی سلمہ کے ایک آدمی نے نبی کریم ﷺسے پوچھا : کیا ماں باپ کے فوت ہونے کے بعد بھی انکے ساتھ کوئی نیکی کرنا میرے ذمہ باقی ہے ؟ آپ نے فرمایا : ہاں ان کی نماز جنازہ پڑھنا ،ان کیلئے استغفار کرنا،انکے عہد کو پورا کرنا ،انکے دوستوں کی تعظیم کرنا اور انکے رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی کرنا ۔٭ نبی کریم ﷺنے فرمایا : (قیامت کے دن ) تین قسم کے لوگ میرا چہرہ نہیں دیکھ سکیں گے ان میں سے ایک والدین کا نافرمان ،دوسرا میری سنت کا تارک اور تیسرا جس کے پاس میرا ذکر کیا گیا اور اس نے مجھ پر درود نہیں پڑھا۔ ٭ حضرت ابو امامہ بیان کرتے ہیں کہ ایک آدمی نے حضورِ اکرم ﷺ سے پوچھا: والدین کا ان کے بیٹے پر کیا حق ہے؟ حضور ِاکرمصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تیرے والدین تیرے لئے جنت ہیں یا دوزخ ہیں۔ (ابن ماجہ) یعنی والدین کی اطاعت اور خوش نودی بیٹے کو جنت میں لے جاتی ہے اور والدین کی نافرمانی ودِلآزاری بیٹے کیلئے دوزخ کا سبب بن سکتی ہے۔٭حضرت عبدالعزیز کے والد بیان کرتے ہیں کہ پیر اور جمعرات کو اللہ تعالیٰ کے سامنے اعمال پیش کئے جاتے ہیں اور جمعہ کے دن انبیاء اور والدین کے سامنے اعمال پیش کئے جاتے ہیں، وہ ان کی نیکیوں کو دیکھ کر خوش ہوتے ہیں اور انکے چہرے خوشی سے چمک اٹھتے ہیں، پس تم اللہ تعالیٰ سے ڈرو اور اپنے مرنے والوں کو اذیت نہ پہنچاؤ۔ (کنزالاعمال )

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں