جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے (۲)
سورۃ کہف میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :’’ اور ان کے سامنے زندگانی دنیا کی کہاوت بیان کرو جیسے ایک پانی ہم نے آسمان سے اتارا تو اس کے سبب زمین کا سبزہ گھنا ہو کر نکلا۔ پھر سوکھی گھاس ہو گیا جسے ہوائیں اڑائیں اور اللہ ہر چیز پر قابو والاہے۔ مال اور بیٹے یہ جیتی دنیا کا سنگار ہے اور باقی رہنے والی اچھی باتیں۔ ان کا ثواب تمہارے رب کے یہاں بہتر اور وہ امید میں سب سے بھلی ‘‘۔
اسی طرح سورۃ انعام میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے : اور دنیا کی زندگی نہیں مگر کھیل کود اور بیشک پچھلا گھر بھلا ان کے لیے جو ڈرتے ہیں تو کیا تمہیں سمجھ نہیں۔ ان آیات مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے سمجھایا ہے کہ دنیا کی دلکشیاں اور زیب و زینت کچھ عرصہ کے لیے ہیں اور پھر ختم ہو جائیں گی۔
اللہ تعالیٰ نے دنیا کی حقیقت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ جیسے زمین کی ہریالی اور سر سبزو شادابی جو ہمارے برسائے ہوئے پانی کی وجہ سے نکلی ہو اور پھر کچھ عرصہ بعد وہ سوکھی ہوئی گھاس میں تبدیل ہو جاتا ہے اور پھر ہوائیں اسے اڑائے پھرتی ہیں۔ یہی مثال دنیا کی زندگی کی ہے لہذا دنیا کی ظاہری رنگینیوں میں کھو کر غافل ہو جانا عقل مندی نہیں۔
حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے آیت مبارکہ کی تلاوت کی۔ترجمہ : جس کو اللہ ہدایت دینا چاہے اس کا سینہ اسلام کے لیے کھول دیتا ہے۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ نور جب سینے میں داخل ہو تو سینہ کھلتا ہے۔ عرض کی گئی یارسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کیا اس بات کوکیسے جان سکتے ہیں؟ آپ نے فرمایا دنیا سے دور رہنا ہمیشہ کے گھر یعنی آخرت کی جانب جھکے رہنا اور موت سے پہلے اس کی تیاری کرنا۔ ( بہیقی)
حضرت ابن مسعودرضی اللہ عنہ سے مروی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بوریے پر سوئے ہوئے اٹھے تو آپ ؐ کے جسم اقدس پر نشانات تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے عرض کی یا رسول اللہﷺ آپ ہمیں حکم فرماتے ہم بستر بچھا دیتے۔آپؐ نے فرمایا کہ میرا دنیا سے اور دنیا کا مجھ سے کیا تعلق سوائے اتنا جیسے سوار درخت کے نیچے سایے میں بیٹھا پھر چل دیا اور اسے چھوڑ گیا۔ ( ترمذی )۔
حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا میں اکثر اس بات کا اندیشہ کرتا ہوں جب اللہ تم پر یہ دنیا اپنی تمام سامانیوں کے ساتھ فراخ کر دے گا۔ ( بخاری )۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں