مذمت بخل(۲)
احادیث مبارکہ میں بھی بخل کی مذمت کی گئی ہے اور اس سے بچنے کی ترغیب دی گئی۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : میں تمہیں لوگوں میں سے بد تر آدمی کا پتہ نہ دوں؟ عرض کی گئی یارسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ضرور بتائیں۔ آپؐ نے فرمایا جس سے اللہ تعالیٰ کے نام پر کچھ مانگا جائے اور وہ اس کو نہ دے۔( احمد )۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا جب بندے صبح کرتے ہیں تو دو فرشتے نازل ہوتے ہیں ان میں سے ایک کہتا ہے کہ اے اللہ اپنی راہ میں خرچ کرنے والے کو اس کا اجر عطا فرما اور دوسرا کہتا ہے کہ اے اللہ بخل کرنے والے کے مال کو تلف فرما دے۔( بخاری )۔
مومن کی صفات بیان کرتے ہوئے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ دو خصوصیات ایسی ہیں جو مومن میں جمع نہیں ہو سکتیں۔فرمایا ایک بخل اور دوسری بد اخلاقی۔( ترمذی )۔
ترمذی شریف میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : سخی شخص اللہ تعالیٰ سے قریب ،جنت سے قریب ، لوگوں سے قریب اور جہنم سے دور ہے اور بخیل اللہ تعالیٰ سے دور ، جنت سے دور ، بندوں سے دور اور جہنم کے قریب ہے۔ اور فرمایا سخاوت کرنے والا جاہل اللہ تعالیٰ کو عبادت کرنے والے بخیل سے زیادہ پیارا ہے۔
طبرانی کی روایت میں حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا بخل ہلاک کر دینے والا عمل ہے۔
حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا مکار ، بخیل اور احسان جتلانے والا جنت میں داخل نہ ہو گا۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا سخاوت جنت کا ایک درخت ہے سخی اس کی شاخ کو پکڑتا ہے اور وہ اسے جنت میں لے جاتی ہے اور فرمایا بخل دوزخ کا ایک درخت ہے اور بخیل اس کی شاخ کو پکڑ تا ہے تو وہ اسے دوزخ میں داخل کیے بغیر نہیں چھوڑے گی۔( بہیقی )۔
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا بخل سے بچو کیونکہ بخل ہی کی وجہ سے تم سے پہلے ہلاک ہوگئے۔ ( مسلم )
مندرجہ بالا قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ بخیل آدمی یعنی کنجوسی کرنے والا اللہ تعالیٰ اور اسکے محبوبؐ کو سخت نا پسند ہے۔ بخیل دنیا میں بھی رسوا ہوتا ہے اور آخرت میں بھی رسوا ہو گا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بخل سے بچنے اور راہ خدا میں خرچ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں