ہفتہ، 6 ستمبر، 2025

رحمۃ اللعالمین (۱)


 

رحمۃ اللعالمین (۱)

حضور نبی کریم خاتم النبینﷺ اللہ تعالیٰ کی طرف سے کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہیں۔اللہ تعالیٰ نے آپ ؐ  کو دنیا میں سراپا رحمت بنا کر بھیجا۔ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ اور ہم نے آپ کو نہیں بھیجا مگر تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر ‘‘۔ (سورۃ الانبیاء )۔
جس طرح حضور نبی کریم ﷺ کی نبوت و رسالت عالمگیر اور قیامت تک آنے والوں کے لیے ہے اسی طرح حضور نبی کریم ﷺ کی رحمت بھی عالمگیر اور قیامت تک آنے والوں کے لیے ہیں۔ حضور نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ کا ہر اک لمحہ سراپا رحمت تھا ،ہے اور قیامت تک رہے گا۔نبی کریم ﷺکی سیرت کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ آپ کی زندگی کا ہر ایک لمحہ اور ہر ایک پہلو سراپا رحمت ہے۔ آپ نے اپنے کردار اور طرز عمل سے ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کی جہاں عدل و انصاف ، مساوات اور محبت کو بنیاد بنایا گیا۔
 اسلام سے قبل عرب معاشرے میں ظلم و ستم عام تھا۔ عورت کو عزت کی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا تھا بلکہ اسے پیدا ہوتے ہی زندہ در گور کر دیا جاتا تھا۔ یتیموں کا مال کھانا حق سمجھا جاتا اور غلاموں پر سختی کی جاتی تھی۔ لیکن نبی کریم ﷺ کی رحمت کی بدولت تاریکیوں میں ڈوبی انسانیت کو روشنی ملی اور بکھرے ہوئے قبیلوں کو اخوت و بھائی چارے کی لڑی میں پرو دیا۔
 حضرت عبد اللہ بن عباس ؓ  فرماتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ کا رحمت ہونا عام ہے۔ ایمان والے کے لیے بھی اوران کے لیے بھی جو ایمان نہیں لائے۔ مومن کے لیے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم دنیا و آخرت دونوں میں رحمت ہیں اور جو ایمان نہیں لائے ان کے آپ  دنیا میں رحمت ہیں۔کیونکہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بدولت ان پر دنیا میں آنے والے عذاب کو مؤخر کردیا۔ یعنی ان سے زمین میں دھنسانے کا عذاب ، شکلیں بگاڑدینے کا عذاب اور جڑ سے اکھاڑ دینے کاعذاب اٹھا دیا گیا۔( خازن الانبیاء )۔
حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں بحیثیت رحمۃ اللعالمین بے شمار واقعات ملتے ہیں۔ ہندہ نامی خاتون نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  کے پیارے چچا حضرت حمزہ ؓ کا کلیجا چبایا لیکن جب مشرف بہ اسلام ہوئی اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے معافی کا سوال کیا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  نے اسے معاف فرمادیا۔
اسلام سے قبل عورتوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جاتا تھا ان کو وراثت اور تعلیم جیسے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جاتا تھا لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم میں سے بہترین وہ ہے جو اپنی عورتوں کے ساتھ بہترین ہو اور آپ نے اپنی بیٹی حضر ت فاطمہ کے ساتھ بے پناہ پیار کرتے ہوئے فرمایا کہ فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

رحمۃ اللعالمین (۱)

  رحمۃ اللعالمین (۱) حضور نبی کریم خاتم النبینﷺ اللہ تعالیٰ کی طرف سے کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہیں۔اللہ تعالیٰ نے آپ ؐ  کو دنیا میں سراپا ر...