بدھ، 14 جنوری، 2026

یاد الٰہی کی فضیلت (1)

 

یاد الٰہی کی فضیلت (1)

یاد الٰہی ایک ایسا عمل ہے جو انسان کا تعلق اللہ تعالیٰ کے ساتھ مضبوط کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ اسے اپنی رحمت سے نوازتا ہے۔ سورۃ الاحزاب میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے اور اللہ کو بہت یاد کرنے والے اور یاد کرنے والیاں ان سب کے لیے اللہ نے بخشش اور بڑا ثواب تیار کر رکھا ہے۔ لیکن آج اس پْر فتن دور میں ہم دنیا کے معاملات میں اس قدر کھو گئے ہیں کہ ہمارے پاس اتنی فرصت بھی نہیں کہ ہم اللہ تعالیٰ کا ذکر کرسکیں۔ ارشاد باری تعالی ہے :’’اور ان جیسے نہ ہو جو اللہ کو بھول بیٹھے تو اللہ نے انہیں بلا میں ڈالا کہ اپنی جانیں یاد نہ رہیں۔ وہی فاسق ہیں۔ (سورۃ الحشر)۔
یعنی اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو مخاطب کر کے فرما رہا ہے کہ ان جیسے نہ ہو جو اللہ تعالیٰ کے حقوق کو بھول گئے اور اس کی ایسی قدر نہ کی جیسا اس کا حق تھا۔ تو اللہ تعالیٰ نے اس کے بدلے انہیں اپنی جانوں کو بھول جانے والا بنا دیا جس کی وجہ سے وہ اس چیز کو نہیں سنتے جو انہیں نفع دے اور وہ کام نہیں کرتے جو انہیں نجات دے اور یہ بھول جانے والے فاسق ہیں۔ 
حضرت سیدنا ابوموسیٰ ؓسے مروی ہے کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا جو شخص اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتا ہے اور جو نہیں کرتا ان کی مثال زندہ اور مردہ کی طرح ہے۔ ( بخاری )۔
حضرت حارث اشعری ؓسے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺنے حضرت سیدنا یحی بن زکریا علیہ السلام کی طرف پانچ باتوں کی وحی فرمائی اور فرمایا کہ ان پر خود بھی عمل کرو اور بنی اسرائیل کو بھی عمل کرنے کا حکم دو۔ آپ ﷺ نے فرمایا ان باتوں میں سے ایک بات یہ بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے میں تمہیں کثرت کے ساتھ ذکر کرنے کا حکم دیتا ہوں۔ اور ذکر کرنے والے کی مثال اس شخص کی طرح ہے جس کے دشمن اس کی تلاش میں ہوں پھر وہ ایک قلعے میں خود کو چھپا لے۔اسی طرح بندہ اللہ تعالیٰ کے ذکر کی وجہ سے شیطان سے نجات حاصل کر سکتا ہے۔ (مستدرک للحاکم )۔
مسند احمد میں حضرت سیدنا انس ؓ سے مروی ہے کہ نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا جو قوم اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ذکر الٰہی کرنے کی غرض سے جمع ہوئی تو ان کے اٹھنے سے پہلے آسمان سے ایک منادی انہیں مخاطب کر کے ندا دیتا ہے کہ مغفرت یافتہ ہو کر کھڑے ہو جائو کہ تمہار ے گناہ نیکیوں میں بدل دیے گئے ہیں۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ اے ایمان والو اللہ کو بہت یاد کرو۔ اور صبح و شام اس کی پاکی بولو۔وہی ہے کہ درود بھیجتا ہے تم پر وہ اور اس کے فرشتے کہ تمہیں اندھیروں سے اجالے کی طرف نکالے اور وہ مسلمانوں پر مہربان ہے ‘‘۔ ( سورۃ الاحزاب )۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں