فلاح یافتہ مومن کی صفات
فلاح ایک ایسا جامع لفظ ہے جو دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی ، سکون اور اطمینان قلب کو شامل کرتا ہے۔اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کے اٹھارویں پارے کی پہلی نو آیات میں کامیاب مومن کی صفات بیان کرنے کے بعد ان کو ملنے والے اجر کا ذکر فرمایا ہے۔ان آیات میں مومن کی وہ صفات بیان کی گئی ہیں جو حقیقی کامیابی کا راز ہیں۔کامیاب مومن کی زندگی مقصد، تقویٰ اور خدمت خلق سے عبارت ہوتی ہے۔اس کی سوچ ، عمل اور رویہ قرآن و سنت کے عین مطابق ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے بیشک فلاح پا گئے ایمان والے۔
ایمان صرف زبانی دعویٰ کا نام نہیں بلکہ دل کی گہرائی میں یقین اور عملی زندگی میں اس کا اثر پیدا کرناہے۔ کامیاب مومن اللہ تعالیٰ پر توکل کرتا ہے اور اس کے احکامات کی پابندی کرتا ہے اور ہر حال میں اللہ تعالیٰ کی رضا میں راضی رہتا ہے۔
پہلی صفت یہ ہے کہ وہ نمازوں میں خشوع خضوع اختیار کرتے ہیں۔ کامیاب مومن کی نماز صرف جسمانی حرکت پر مشتمل نہیں ہوتی بلکہ وہ دل سے اپنے خالق کے حضور جھکتا ہے۔نماز اسے گناہوں سے روکتی ہے اور اس کے اخلاق کو نکھارتی ہے۔
دوسری صفت یہ ہے کہ وہ خود کو بیہودہ اور لغو باتوں سے بچاتے ہیں اور فضول باتوں میں اپنا وقت ضائع نہیں کرتے۔وہ جب بھی بولتے ہیں لوگوں کی فلاح اور بھلائی کے لیے بولتے ہیں اور وقت کی قدر کو جانتے ہیں۔
کامیاب مومن کی تیسری صفت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اسے جو مال و متاع دیا ہے اس میں سے اللہ کی راہ میں زکوۃ و خیرات اور صدقات کرتا ہے۔وہ جانتا ہے کہ یہ مال و دولت اللہ تعالیٰ کی امانت ہے اور ضرورت مندوں میں خرچ کرنا ہی حقیقی کامیابی ہے۔
کامیاب مومن کی چوتھی صفت یہ ہے کہ وہ اپنی شر مگاہوں کی حفاظت کرتے ہیں اور پاکیزگی و طہارت کا خیال رکھتے ہیں۔ اور خود کو حرام کاموں سے محفوظ رکھتے ہیں۔
پانچویں صفت یہ ہے کہ اگر ان کے پاس کوئی چیز امانت رکھوائی جائے تو اس میں خیانت نہیں کرتے اور اگر وہ کسی سے وعدہ کریں تو عہد شکنی نہیں کرتے۔کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ بروز قیامت ان سے خیانت اور عہد شکنی کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔
چھٹی صفت یہ ہے کہ کامیاب مومن اپنی نمازوں کی حفاظت کرتا ہے۔ یعنی کہ وہ نمازوں کو ان کے وقت پر اور مکمل شرائط و آداب کے ساتھ ادا کرتے ہیں اور آرام و اطمینان کے ساتھ نماز کے تمام ارکان کو ادا کرتے ہیں۔اور جس میں یہ تمام صفات موجود ہوں اللہ تعالیٰ اسے اجر عظیم عطا فرماتا ہے۔
اٹھارہویں پارے کی آیت نمبر 10 اور 11 میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :’’یہی لوگ وارث ہیں کہ فردوس کی میراث پائیں گے۔ وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے ‘‘۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں