بدھ، 27 اگست، 2025

معاشرتی مذاق اور عزت نفس

 

معاشرتی مذاق اور عزت نفس

انسانی معاشرت میں تعلقات کی بنیاد حسن سلوک اور باہمی احترام پر قائم ہے۔ اگر لوگ ایک دوسرے کے جذبات اور عزت ِنفس کا خیال نہ رکھیں تو معاشرتی رشتے کمزور پڑ جائیں گے۔ مذاق ایک ایسا رویہ ہے جو بظاہر تو ہنسی خوشی کے لیے کیا جاتا ہے لیکن اگر یہ حد سے تجاوز کر جائے تو انسان کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچتی ہے۔معاشرتی زندگی میں عزت نفس وہ قیمتی دولت ہے جس کے بغیر انسان اپنی پہچان کھو بیٹھتا ہے۔ 
مذاق اور مزاح انسانی فطرت کا حصہ ہیں۔ خوش طبعی اور مسکراہٹ دوسروں کے دل جیتنے کا ذریعہ ہے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی اپنے صحابہ کے ساتھ خوش طبعی فرماتے تھے لیکن آپ کے مزاح میں کبھی بھی کسی کی دل آزاری شامل نہ ہوتی۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ اور بیشک ہم نے بنی آدم کو عزت بخشی ‘‘۔ ( سورۃ بنی اسرائیل )۔
جب اللہ تعالیٰ نے انسان کو عزت سے نوازا ہے تو کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی کا تمسخر اڑاکر اس کی تضحیک کرے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:’’ اے ایمان والو نہ مرد مردوں سے ہنسیں۔ عجب نہیں کہ وہ ان ہنسنے والوں سے بہتر ہو ں اور نہ عورتیں عورتوں سے دورنہیں کہ وہ ان ہنسنے والیوں سے بہتر ہوں اور آپس میں طعنہ نہ کرو اور ایک دوسرے کے بْرے نام نہ رکھو کیا ہی بْرا نام ہے مسلمان ہو کر فاسق کہلانا اور جو توبہ نہ کریں وہی ظالم ہیں ‘‘۔( سورۃ الحجرات )۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں ‘‘(بخاری )۔
بدقسمتی سے آج ہمارے معاشرے میں مذاق اکثر دوسروں کی کمزوریوں ، جسمانی نقائص یا مالی حالت پر کیا جاتا ہے۔ ایک دوسروں کا نام بگاڑ نا، سوشل میڈیا پر دوسروں کی شکل و صورت اور حالات زندگی کا طنزیہ ذکر کرنا عام ہو چکا ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہورہا ہے۔
اسلامی تعلیمات کی روشنی میں مذاق اسی وقت پسندیدہ ہو گا جب وہ دلوں کو خوش کرے اور تعلقات میں محبت بڑھائے۔ اگر مذاق دل آزاری،تحقیر اور عزت نفس کو مجروح کرنے کا سبب بنے تو یہ نہ صرف گناہ ہے بلکہ معاشرے میں نفرت ، دشمنی اور بے اعتمادی کا سبب بنتا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی گفتگو اور مذاق کو اعتدال اور خوش اخلاقی کے دائرے میں رکھیں اور ایسے الفاظ نہ بولیں جس کی وجہ سے کسی دوسرے کی عزت نفس مجرو ح ہو۔ 
ایک دوسرے کی عزت نفس کی حفاظت معاشرتی ذمہ داری ہے۔ ہم دوسروں سے بھی ویسا ہی رویہ رکھیں جو ہم دوسرو ں سے اپنے لیے پسند کرتے ہیں اگر ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ہماری عزت کریں تو ہمیں بھی دوسروں کی عزت کا خیال رکھنا ہو گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

معاشرتی مذاق اور عزت نفس

  معاشرتی مذاق اور عزت نفس انسانی معاشرت میں تعلقات کی بنیاد حسن سلوک اور باہمی احترام پر قائم ہے۔ اگر لوگ ایک دوسرے کے جذبات اور عزت ِنفس ک...