جمعرات، 14 اگست، 2025

خدمتِ خلق قرآن کی روشنی میں (۲)

 

خدمتِ خلق قرآن کی روشنی میں (۲)

جو لوگ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اپنا مال خرچ کرتے ہیں اللہ تعالیٰ انہیں کئی گناہ زیادہ اجر عطا فرماتا ہے۔ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ جو لوگ اپنے اموال اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں ان کی مثال اس دانہ کی طرح ہے جس نے اگائیں سات بالیں ہر بال میں سو دانے اور اللہ اس سے بھی زیادہ بڑھائے جس کے لیے چاہے اور اللہ وسعت والا علم والا ہے‘‘۔ (سورۃ البقرۃ :۲۶۱)۔
سورۃ البقرۃ میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ جو لوگ میری راہ میں خالص میری رضا کے لیے مال خرچ کرتے ہیں انہیں کسی قسم کا کوئی خوف نہیں ہو گا۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ وہ جو اپنے مال خیرات کرتے ہیں رات میں اور دن میں چھپے اور ظاہر ان کے لیے ان کا اجر ہے ان کے رب کے پاس ان کو نہ کچھ اندیشہ ہو نہ کچھ غم‘‘۔ 
معاشرے میں بہت سے کمزور اور بے بس لو گ ہیں اور یہ ایک حقیقت ہے کہ یہاں ہر کوئی برابر نہیں کوئی امیر ہے تو کوئی غریب ،کوئی حاکم ہے تو کوئی محکوم اور کوئی بادشاہ تو کوئی فقیر۔ ایسے میں اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر معاشرے کے کمزور مردوں ، عورتوں اور بچوں کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا :جو کسی مسلمان کی دنیا میں ایک پریشانی دور کرے گا اللہ تعالیٰ اس کی قیامت کی پریشانی دور کرتا ہے۔ اور جو دنیا میں کسی کے لیے آسانی پید ا کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کے لیے دنیا اور آخرت میں آسانیاں پیدا فرمائے گا۔ جو کسی مسلمان کی دنیا میں پردہ پوشی کرتا ہے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کے عیبوں کی پردہ پوشی کرے گا۔ آپ نے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ اس وقت تک کسی بندے کی مدد فرماتا رہتا ہے جب تک بندہ اپنے کسی مسلمان بھائی کی مدد کرنے میں مصروف رہتا ہے۔(ابی دائود )۔ 
اس کے علاہ نیکی اور تقوی کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد کرنا اور کسی بھٹکے ہوئے کو سیدھا راستہ دکھانا بھی خدمت خلق میں شامل ہے۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ تم بہترین امت ہو جسے لوگوں کے فائدے کے لیے ظاہر کیا گیا ہے تم بھلائی کا حکم دیتے ہو اور برائی سے روکتے ہو ‘‘۔(سورۃ آل عمران )۔
سورۃ المائدہ میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ’’ تم نیکی اور پرہیز گاری پر ایک دوسرے کی مدد کرو اور گناہ اور زیادتی پر باہم مدد نہ کرو اور اللہ سے ڈرتے رہو بیشک اللہ کا عذاب سخت ہے ‘‘۔
 جب کوئی صراط مستقیم سے ہٹ جائے تو اسے سیدھے راستے پر لانا بھی خدمت خلق ہے اور اگر کوئی شخص گناہ میں مبتلا ہو جائے تو اس کا ساتھ دینے کی بجائے اسے اس کام سے منع کیا جائے اور صرف اچھے اور نیک کاموں میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا جائے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

زبان کی حفاظت اور اس کے ثمرات(۱)

  زبان کی حفاظت اور اس کے ثمرات(۱) انسانی شخصیت کی خوبصورتی اور کمال میں زبان اورکلام کا بہت گہرا تعلق ہے۔ جس طرح زبان کے غلط استعمال سے معا...