پیر، 11 اگست، 2025

دنیا کی زندگی ،ایک امتحان (۳)

 

دنیا کی زندگی ،ایک امتحان (۳)

اللہ تعالیٰ نے دنیا میں مختلف لوگوں کو مختلف مراتب سے نوازا ہے۔کوئی حاکم ہے اور کوئی محکوم ، کوئی امیر اور کوئی غریب۔ یہ سب اللہ تعالیٰ نے ایک حکمت کے تحت اس کائنات کو چلانے کے لیے کیا۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ دنیوی زندگی میں ان کی روزی کو ہم نے تقسیم کیا ہے او رہم نے بعض کو بعض پر فوقیت دی ہے تا کہ وہ ایک دوسرے سے کام لیں اور تیرے رب کی رحمت اس سے بہتر ہے جو یہ جمع کرتے ہیں۔( سورۃ الزخرف )۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ اگر اللہ اپنے بندوں کے لیے روزی کشادہ کر دیتا تو وہ زمین میں بغاوت کر دیتے لیکن وہ اندازے کے ساتھ اتارتاہے اور جتنا چاہتا ہے ،وہ اپنے بندوں سے باخبر اور انہیں دیکھنے والا ہے ‘‘۔( سورۃ الشوری )۔
قرآن مجید میں اس بات کی وضاحت کر دی گئی ہے کہ مراتب میں اختلافات بھی آزمائش کا حصہ ہیں۔ انسان اپنی پوری کوشش کرتا ہے اورذرہ برابر بھی کوتاہی نہیں کرتا اور اس کے بعد اپنے معاملات کو اللہ کے سپرد کر دے اور اس کی تقسیم پر راضی ہو جائے تو وہ کامیاب ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو اچھے اور بْرے دونوں حالات میں آزماتا ہے۔کبھی اللہ اپنے بندے کو دے کر آزماتا ہے کہ وہ راہ راست پر چلتا ہے یا پھر بھٹک جاتا ہے اور کبھی بْرے حالات میں یعنی سب کچھ لے کر کہ اس حالت میں بھی بندہ میرا شکر بجا لاتا ہے یا نہیں۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ اور ہم تمہیں بْری اور اچھی حالت میں آزماتے ہیں پرکھنے کے لیے اور تم سب ہماری ہی طرف لوٹائے جائوگے ‘‘۔( سورۃ الانبیاء)۔
اچھی اور بری حالت آزمائش ہے اور آخر اللہ ہی کی طرف لوٹ کر جانا ہے تو حقیقی کامیاب وہ ہوں گے جو ان حالات میں ثابت قدم رہے اور شکر بجا لاتے رہے۔ 
اسی طرح سورۃا لبقرہ میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :
’’ ہم کچھ خوف اور بھوک سے اور مالوں اور جانوں اور پھلوں کی کمی سے تمہیں آزمائیں گے اور ثابت قدم رہنے والو ں کو بشارت دے دو ‘‘۔ 
جب بندے پر کوئی سخت وقت آئے تو اس پر صبر کر اور جب اسے کثرت مال عطا ہو تو اسے اپنی محنت کا نتیجہ نہیں بلکہ اللہ تعالی کی عطا سمجھے اور اس کے راستے سے نہ ہٹے۔آزمائش میں اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ کرے اور اس کے قریب آئے کیوں کہ آزمائش میں وہی کامیاب ہو گا جو اپنے رب کے قریب ہو گا۔ اور صبر کرنے والوں کو اللہ تعالیٰ آخرت میں جزا عطا فرمائے گا۔ دنیا کی زندگی صرف کھانا پینا، سونا اور عیش و عشرت نہیں بلکہ یہ ایک عظیم امتحان ہے۔ قرآن مجید بار بار انسان کو اس طرف متوجہ کرتا ہے کہ وہ ہر حال میں اللہ تعالیٰ کی بندگی ، شکر، صبر اور تقوی اپنانا ہی کامیابی کی راہ ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

زبان کی حفاظت اور اس کے ثمرات(۱)

  زبان کی حفاظت اور اس کے ثمرات(۱) انسانی شخصیت کی خوبصورتی اور کمال میں زبان اورکلام کا بہت گہرا تعلق ہے۔ جس طرح زبان کے غلط استعمال سے معا...