جمعرات، 12 جون، 2025

سیرت النبی ؐ اور عصر حاضر(۲)

 

سیرت النبی ؐ اور عصر حاضر(۲)

موجودہ دور میں جن چیلنجز کا سامنا ہے ان میں اخلاقی زوال ، خاندانی نظام کی تباہی ، معاشرے میں بے سکونی ، دین سے بیزاری اور نوجوان نسل کا گمراہی کے راستے پر چلنا شامل ہے۔ ان تمام معاملات کو ٹھیک کرنے کا واحد ذریعہ سیرت النبی ﷺ کو اپنانا ہے۔ 
عصر حاضر میں معاشرے میں بد دیانتی ، جھوٹ ، حسد ، غیبت ، چغلی ، ظلم و ستم اور دھوکہ ، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری عام ہو چکی ہے۔ ان تمام اخلاقی بیماریوں کا علاج نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ میں موجود ہے۔ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا :’’مجھے اچھے اخلاق کی تکمیل کے لیے بھیجا گیا ہے ‘‘۔
اس پْر فتن دور میں خاندانی نظام زوال کا شکار ہے۔لڑائی جھگڑے ، والدین سے بد سلوکی اور اولاد کی پرورش پر توجہ نہ دینا عام ہو چکا ہے۔ ہمیں نبی کریم ﷺکی ذات مبارکہ سے شوہر ، بیوی ، والدین ، بچوں اور رشتہ دوروں کے حقوق و فرائض کے متعلق رہنمائی ملتی ہے۔اگر گھر کے تمام افراد نبی کریم ﷺ کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں تو خاندان میں سے لڑائی جھگڑے ختم ہو جائیں اور امن و سلامتی قائم ہو جائے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ’’تم میں سے بہتر وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے بہتر ہے اور میں اپنے گھر والوں کے لیے سب سے بہتر ہوں ‘‘۔  ( ترمذی )۔
معاشی بد حالی کو بہتر کرنے کے لیے نبی کریم ﷺ کی سیرت مبارکہ سے رہنمائی لینا ضروری ہے۔ اس کے بغیر ہم معاشی حالات کو بہتر نہیں کر سکتے۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تجارت میں دیانت ، قرض کی ادائیگی ، زکوۃ کی اہمیت ، سود اور بد عنوانی کی مذمت کی۔ آپ نے عدل ، مساوات اور حقوق العباد کی ایسی لازوال مثالیں قائم کیں جن کی مثال قیامت تک نہیں ملیں گی۔ 
نوجوان قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ اگر نوجوانوں کی تربیت نبی کریم ﷺ کی سیرت مبارکہ کی روشنی میں ہو اور وہ خود کو سیرت محمدی ؐ کے سانچے میں ڈھال لیں تو وہ کسی بھی قوم کی قسمت کو بدل سکتے ہیں۔ حضرت علی المرتضی ؓ ، حضرت اسامہ ؓ ، حضرت زیدؓ ، حضرت عبد اللہ بن عباس ؓ اور دیگر صحابہ کرام جنہوں نے اپنی جوانیاں نبی کریم ﷺ کے سائے میں گزاریں اور اپنی زندگیوں کو سیرت محمدی ؐ کے مطابق گزارا۔ انہوں نے تاریخ میں ایسے کارنامے سر انجام دیے جو رہتی دنیا تک یاد رکھیں جائیں گے۔ دور حاضر میں اگر ہم روحانی سکون حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی زندگیوں کو سیرت النبی ﷺ کے مطابق بسر کرنا ہو گا۔ 
سرمایہ حیات ہے سیرت رسولؐ کی
اسرار کائنات ہے سیرت رسول ؐ کی
پھولوں میں ہے ظہور ستاروں میں نور ہے 
ذات خدا کی بات ہے سیرت رسول ؐ کی

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

خدمت ِوالدین (۱)

  خدمت ِوالدین (۱) والدین کی خدمت بہت بڑی نیکی اور سعادت کی بات ہے اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ والدین اپنی اولا...