مرنے کے بعد انسان کی آرزوئیں(۲)
جب مرنے کے بعد انسان کو اس کے اعمال کی وجہ سے سزا دی جائے گی تو وہ آرزو کرے گا اے کاش میں نے دنیا میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کی ہوتی ۔ارشاد باری تعالیٰ ہے : جس دن ان کے چہرے آگ میں بار بار الٹے جائیں گے تو کہتے ہوں گے ہائے اے کاش ہم نے اللہ کا حکم مانا ہوتا اور اس کے رسول کا حکم مانا ہوتا ۔ ( سورۃ الاحزاب :۶۶)۔
اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا کبیرہ گناہ ہے اور اس کی معافی نہیں ہے ۔ جب قیامت کے دن مشرک یعنی شرک کرنے والے کو عذاب ہوگا تو کہے گا اے کاش میں نے اپنے رب کا کسی کو شریک نہ کیا ہوتا ۔ (سورۃ الکھف )۔ ایک مقام پر اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ جب انہیں جہنم کی آگ پر کھڑا کیا جائے گا تو یہ تمنا کرے گا کہ کاش میں دنیا میں واپس چلا جاوں اور اللہ تعالیٰ کی آیات کو نہ جھٹلاوں اور مسلمان ہو جاوں۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے : اور کبھی تم دیکھو جب وہ آگ پر کھڑے کیے جائیں گے تو کہیں گے کاش کسی طرح ہم واپس بھیجے جائیں اور اپنے رب کی آیتیں نہ جھٹلائیں اور مسلمان ہو جائیں ۔ ( سورۃ الانعام :آیت ۷۲)۔
آج مسلمان بھی اللہ تعالیٰ کے احکامات کو بھلا کر اپنی زندگیا ں بسر کر رہے ہیں ۔ سود ، غیبت ، چغلی ، دھوکہ دہی ، ذخیرہ اندوزی ، جھوٹ عام ہو چکا ہے مسلمانوں میں اتحاد ختم ہو چکا ہے جس کی بڑی وجہ قرآن و سنت کی پیروی نہ کرنا ہے ۔
سورۃا لاحزاب میں ارشادباری تعالیٰ ہے : اور جس دن ظالم اپنے ہاتھ چبا لے گا اور کہے گا کہ ہائے کسی طرح سے میں نے رسول اللہﷺ کی راہ لی ہوتی۔یعنی جو لوگ دنیا میں سیرت النبی ﷺ کی پیروی نہیں کرتے اپنی زندگیاں اسلامی احکامات کے مطابق بسر نہیں کرتے وہ اس دن آرزو کریں گے کہ کاش ہم نے دنیا میں نبی کریم ﷺ کی اطاعت و فرمانبرداری کی ہوتی اور آج نجات پا جاتے ۔ انسان مرنے کے بعد آرزو کرے گا کہ اے اللہ تو نے ہمیں تھوڑی مہلت دی ہوتی تاکہ ہم تیری راہ میں صدقہ و خیرات کر لیتے ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے : اور ہمارے دیے میں سے کچھ ہماری راہ میں خرچ کرو قبل اس کے کہ تم میں سے کسی کو موت آجائے پھر کہنے لگے اے میرے رب تو نے مجھے تھوڑی مدت تک کیوں مہلت نہ دی کہ میں صدقہ دیتا اور نیکوں میں ہوتا ۔ (سورۃ المنٰفقون )۔
قرآن مجید فرقان حمید کی ان آیات کی روشنی میں ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ مرنے کے بعد تمام تر خواہشات صرف حسرت ہی رہ جائیں گی ۔لہذا ابھی وقت ہے ہم اپنے اعمال کو درست کریں ۔نیک سیرت دوست بنائیں ، صدقہ و خیرات کریں اور اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی پیروی کریں ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں