ہفتہ، 28 جون، 2025

سچی توبہ کی نشانیاں

 

سچی توبہ کی نشانیاں

توبہ کی توفیق مل جانا اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے جو بندے کو گناہوں سے نکال کر رب کی رحمت کے نور کی طرف لے آتی ہے اور توبہ کرنے والوں سے اللہ تعالیٰ بھی بہت زیادہ خوش ہوتا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے : ’’ بیشک اللہ توبہ کرنے والوں سے محبت کرتا ہے ‘‘۔( سورۃ بقرہ)۔
لیکن توبہ بھی وہ ہو جو سچی اور خلوص دل سے کی جائے۔ 
سورۃ التحریم میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے : ’’ اے ایمان والو اللہ کی طرف ایسی توبہ کرو جو آگے کو نصیحت ہو جائے ‘‘۔ ( آیت نمبر : ۸)۔
یعنی توبہ ایسی کی جائے کہ پھر کبھی گناہوں کی طرف پلٹ کر نہ جائیں۔ 
حضرت عبد اللہ بن عباس فرماتے ہیں انسان صرف اسی صورت سچی توبہ کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کر سکتا ہے جب وہ سچے دل اور خلوص نیت کے ساتھ اپنے گناہوں پر شرمندہ ہو۔ سچی توبہ یہ ہے کہ انسان دل سے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں آنسو بہائے اور معافی طلب کرے۔
 نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا توبہ ندامت ہی کا نام ہے۔ 
جب انسان اللہ تعالیٰ کے حضور گناہوں کی معافی طلب کرے تو پھر دوبارہ کبھی گناہوں کی طرف راغب نہ ہو اور فوری جس گناہ میں مبتلا ہواسے چھوڑ دے۔محض زبان سے معافی مانگنا کافی نہیں۔ اللہ تعالیٰ کے حضور معافی طلب کرنے کے بعد اس بات کا عہد کرے کہ وہ آئندہ کبھی کسی گناہ کی طرف راغب نہیں ہو گا۔ اگر بندہ گناہ کی طرف دوبارہ راغب ہوتا ہے تو یہ سچی توبہ نہیں۔ 
حضرت رابعہ بصری  فرماتی ہیں کہ ہم دن رات اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ کرتے ہیں اپنے گناہوں کی معافی طلب کرتے ہیں لیکن ہمارے اعمال ہمارے کہے گئے الفاظ کے اْلٹ ہوتے ہیں۔ ( احیاعلوم الدین )۔
اگر گناہوں کا تعلق حقوق العباد سے ہو تو صرف اللہ تعالیٰ کے حضور معافی طلب کرنا کافی نہیں بلکہ حقدار کا حق پہنچانا اور اس سے معافی طلب کرنا بھی ضروری ہے۔ اور یہی سچی توبہ کی علامت ہے۔جب انسان سچے دل سے اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ کرتا ہے تو پھر اسے گناہوں سے نفرت ہو جاتی ہے اور وہ نیکیوں کی طرف راغب ہو جاتاہے۔ 
جب بندہ اللہ تعالیٰ کے حضور سچی توبہ کرتا ہے تو اسے دلی سکون و اطمینان حاصل ہوتا ہے۔ بندے کا اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق مضبوط ہوجاتا ہے اور وہ نماز ، تلاوت قرآن اور ذکر و اذکار کی طرف راغب ہو جاتا ہے۔ سچی توبہ صرف زبان سے کہ دینا کافی نہیں بلکہ یہ دل سے شروع ہوتی ہے اور آنکھوں کو نم کر دیتی ہے اور انسان نیکیوں میں لگ جاتا ہے۔ سچی توبہ ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی کنجی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں