جمعہ، 20 جون، 2025

ذکرِ خفی

 

ذکرِ خفی

دین اسلام وہ واحد دین ہے جو انسان کی ہر جسمانی ، روحانی اور قلبی ضرورت کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ اللہ جل شانہ کے ذکرسے دلی سکون ، نفس کی پاکیزگی اور اللہ تعالیٰ کی قربت حاصل ہوتی ہے۔ ذکر کی کئی اقسام ہیں ان میں ذکر خفی کو خصوصی اہمیت اور مقام حاصل ہے۔ 
ذکر خفی سے مراد ایسا ذکر ہے جو انسان اپنے دل میں کرتا ہے۔ اس ذکر کو اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی نہیں سن سکتا اور یہ ریاء کاری ، دکھلاوے اور شہرت سے پاک ہوتا ہے۔
 ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ اور اپنے رب کو اپنے دل میں یاد کرو زاری اور ڈر سے اور بے آواز نکلے زبان سے صبح اور شام اور غافلوں میں نہ ہونا ‘‘۔ ( سورۃ الاعراف :آیت۲۰۵)۔
ذکر خفی دل کی گہرائی میں ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس میں ایک خصوصی توجہ اور رغبت حاصل ہوتی ہے اور دل کو ایک روحانی طاقت حاصل ہوتی ہے۔جس سے انسان اللہ تعالیٰ کے قریب ہوتا ہے۔ 
حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ سب سے افضل ذکروہ ہے جو خفی ہو اور سب سے افضل رزق وہ ہے جو کافی ہو۔ ( مسند احمد )۔
ذکر خفی مومن کا راز ہے جس سے وہ اپنے رب سے ہم کلام ہوتا ہے اور ذکر خفی سے دل کی صفائی ہوتی ہے۔جب دل ہر وقت یاد الٰہی میں مشغول ہو گا تو وہ ہر طرح کی بیماری سے بچ جائے گا۔ ذکر خفی سے دل منور ہوتا ہے ، روح مضبوط ہوتی ہے اور باطن کو نور حاصل ہوتا ہے۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا کہ بلاشبہ دلو ں کا سکون اللہ تعالیٰ کے ذکر میں ہی ہے۔ 
ذکر خفی اللہ تعالیٰ کے درمیان ایک راز ہے اور ایک ایسا تعلق ہے جو دل کہ گہرائی سے نکل کر عرش الٰہی تک پہنچتا ہے۔ آج ہر طرف شور و غل ، دکھلاوا اور ریاء کاری عام ہے۔ ایسی صورتحال میں ذکر خفی وہ واحد پناہ گاہ ہے جس میں انسان کو حقیقی راحت ، اللہ تعالیٰ کا قرب اور باطنی سکون میسر ہوتاہے۔ 
حضرت ابو دردائود سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا، میں تمہیں تمہارے اعمال میں سب سے بہتر عمل کی خبر نہ دوں جو تمہارے رب کے نزدیک زیادہ پاکیزہ ہو ، جو تمہارے اعمال میں سب سے بلند تر ہو ، جو تمہارا سونا اور چاندی کی خیرات کرنے سے افضل ہو ، جو تمہارے لیے اس سے بھی بہتر ہو جو تم دشمنوں سے مقابلہ کر کے انہیں قتل کرو اور وہ تمہاری گردنوں پر وار کریں ؟عرض کی گئی جی یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم۔آپؐ نے فرمایا :وہ اللہ تعالیٰ کا ذکر ہے۔( مشکاۃ المصابیح )۔
ملا علی قاری مرقاۃ المفاتیح میں لکھتے ہیں کہ اس ذکر سے مراد قلبی ذکرہے جو جان و مال خرچ کرنے سے بھی زیادہ افضل ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

خدمت ِوالدین (۱)

  خدمت ِوالدین (۱) والدین کی خدمت بہت بڑی نیکی اور سعادت کی بات ہے اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ والدین اپنی اولا...